سڈنی ۔2 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ اتوارکو سڈنی میں کھیلا جائے گا جہاں میزبان ٹیم سری لنکا کو واٹ واش کرنے کے بعد عالمی نمبر ایک پاکستان کے خلاف کامیابی کیلئے پرعزم ہے تو دوسری جانب پریکٹس میچ جیتنے کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں۔پاکستانی کھلاڑیوں نے اپنی نظریں سیریز پر جمالی ہیں اور اس عزم کا اظہارکیا ہے کہ آسٹریلیا کو انہیں کے میدان میں شکست دیں گے۔کپتان بابر اعظم اور آسٹریلیائی کپتان ایرون فنچ ٹی ٹوئنٹی ٹرافی کی رونمائی کی اور اس تقریب میں فوٹو سیشن کیا۔ ٹیم انتظامیہ کے مطابق پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے ٹور میچ کے ہی 12کھلاڑیوں میں سے ٹیم کا انتخاب ہو گا جس کے لئے آصف علی اور خوشدل شاہ میں سے ایک کا فیصلہ ہو گا تاہم ٹیم مینجمنٹ آصف علی کو ابھی مزید موقع دینے کے حق میں دکھائی دے رہا ہے۔ یاد رہے کہ آصف علی ٹور میچ میں صفر پر آئوٹ ہو ئے تھے۔ کرکٹ آسٹریلیا الیون کے خلاف وارم اپ میچ میں کامیابی کے بعد ایک انٹرویو میں پاکستانی اوپنر فخر زمان نے کہا کہ سڈنی میں آمد کے بعد یہاں نیٹ میں خاصی محنت کی ہے، یہاں کی پچز مختلف ہیں تاہم کافی حد تک حالات کو سمجھ چکے ہیں، سیریز میں بھی اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔ دوسری جانب آسٹریلیائی جس نے سری لنکا کو تین مقابلوں کی سیریز میں 3-0 سے شکست دی ہے اس کے حوصلے کافی بلند ہیں جیسا کہ اس کے خطرناک اوپنر ڈیویڈ وارنر جنھوں نے سری لنکا کے خلاف تینوں مقابلوں میں ناقابل شکست رہنے کے علاوہ 2 نصف سنچریاں اور سنچری اسکور کی ہے جبکہ ٹیم میں واپسی کرنے والے اسٹیو اسمتھ نے بھی نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے پاکستان کیلئے خطرے کے گھنٹی بجادی ہے۔