استنبول، 6 نومبر (یو این آئی) حکام نے بتایا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحد پار دہشت گردی کے خاتمہ اور نازک جنگ بندی کو مضبوط بنانے کے لیے مذاکرات کا تیسرا دور جمعرات کو استنبول میں شروع ہوگا۔ رپورٹ کے مطابق دونوں ممالک کے وفود چہارشنبہ کے روز استنبول پہنچ گئے ، جہاں یہ 2 روزہ مذاکرات ترکیہ اور قطر کی مشترکہ میزبانی میں ہوں گے ۔ یہ مذاکرات کئی ہفتوں کی سفارتی کوششوں کے بعد ہو رہے ہیں، جنہیں گزشتہ ماہ کی ہلاکت خیز سرحدی جھڑپوں کے بعد شروع کیا گیا تھا، ان جھڑپوں نے 2021 میں طالبان کے کابل میں اقتدار سنبھالنے کے بعد سے دونوں ہمسایہ ممالک کے تعلقات کو سب سے نچلے درجے تک پہنچا دیا تھا۔ اس دور میں پاکستان کے وفد کی قیادت انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک کر رہے ہیں جب کہ وفد میں فوج، خفیہ اداروں اور وزارتِ خارجہ کے سینئر حکام شامل ہیں۔
