پاک۔امریکہ تجارتی معاہدہ: پاکستانیمصنوعات پر ٹیرف میں کمی آئے گی

   

اسلام آباد 31جولائی (یو این آئی) پاکستان اور امریکہ کے مابین تجارتی معاہدہ کامیابی سے طے پا گیا ہے ، اس معاہدے کا مقصد دو طرفہ تجارت کا فروغ، منڈی تک رسائی کو بڑھانا، سرمایہ کاری کو راغب کرنا اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے ۔وزارت خزانہ کے مطابق یہ پیش رفت پاکستان کے وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی امریکی وزیر تجارت ہاورڈ لوٹنک اور امریکی تجارتی نمائندے (یو ایس ٹی آر) جیمیسن گریر سے ملاقات کے دوران ہوئی۔میڈیا ذرائع کے مطابق ملاقات میں سکریٹری تجارت جواد پال اور امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ بھی موجود تھے ، اس معاہدے کا اعلان امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ’ٹرتھ سوشل‘ پر اپنی پوسٹ کے ذریعے کیا۔پاک۔امریکہ معاہدے کے نتیجے میں باہمی ٹیرف خاص طور پر امریکہ میں پاکستانی مصنوعات پر لگنے والے ٹیرف میں کمی آئے گی۔

پاکستان کیساتھ تیل کی تلاش کیلئے تعاون کا معاہدہ : ٹرمپ
واشنگٹن 31 جولائی (ایجنسیز) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان کی انتظامیہ نے پاکستان کے ساتھ ایک معاہدہ کیا ہے جس کے تحت واشنگٹن پاکستان کے تیل کے ذخائر کو ترقی دینے کے لیے اسلام آباد کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہم نے حال ہی میں پاکستان کے ساتھ ایک معاہدہ کیا ہے جس کے تحت پاکستان اور امریکا اپنے تیل کے وسیع ذخائر کو فروغ دینے کے لیے مل کر کام کریں گے۔ ہم آئیل کمپنی کا انتخاب کرنے کے عمل میں ہیں جو اس شراکت داری کی قیادت کرے گی۔ ٹرمپ کی سوشل میڈیا پوسٹ میں امریکہ اور پاکستان کے درمیان معاہدے کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔ گزشتہ ہفتے پاکستانی وزیر خارجہ اسحق ڈار نے وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات کے بعد کہا تھا کہ امریکہ اور پاکستان ایک تجارتی معاہدے کے بہت قریب ہیں جو چند دنوں میں ہوسکتا ہے۔