لاہور ۔24 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش کے خلاف ٹی20 سیریز میں پاکستان کو عالمی نمبر ایک مقام بچانے کا چیلنج درپیش ہے جہاں سیریز میں ایک بھی شکست کی صورت میں ٹیم عالمی نمبر ایک مقام سے محروم ہو جائے گی۔ پاکستان کی ٹیم اس وقت ٹی20 کی عالمی درجہ بندی میں 270 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہے لیکن مسلسل شکستوں کے سبب پاکستان کی پہلا مقام اب خطرے میں پڑ گیاہے۔ پاکستان کی ٹیم گزشتہ سال ایک بھی ٹی20 سیریز جیتنے میں کامیاب نہ ہو سکی جس کے نتیجے میں عالمی نمبر ایک پاکستان اور دوسرے نمبر پر موجود آسٹریلیا کے درمیان صرف ایک نشان کا فرق رہ گیا ہے۔ اس وقت عالمی درجہ بندی میں آسٹریلیا 269 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے اور پاکستان کی ٹیم اگر بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں ایک بھی میچ ہاری تو آسٹریلیائی ٹیم کوئی میچ کھیلے بغیر ہی عالمی نمبر ایک بن جائے گی۔ پاکستان کو اپنی عالمی نمبر ایک مقام برقرار رکھنے کے لیے بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں ہر حال میں کلین سوئپ کرنا ہو گا اورکلین سوئپ نہ کرنے کی صورت میں ٹیم دوسرے نمبر پر آ جائے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان کل یہاں پہلا ٹی 20 مقابلہ کھیلا جائے گا۔اس مقابلے کے ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ان کہا ہیکہ ٹیم بہتر مظاہروں اور گھریلوں شائقین کے روبروکامیابی کیلئے پرعزم ہے۔