پاک۔قطر مشترکہ وزارتی کمیشن کا اجلاس، اہم پروٹوکولز پر دستخط

   

اسلام آباد، 23 اکتوبر (یو این آئی) پاکستان اور قطر کی حکومتوں کے درمیان اقتصادی اور تکنیکی تعاون کے معاہدے کے تحت دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ وزارتی کمیشن (جے ایم سی) کا چھٹا اجلاس 22 اور 23 اکتوبر 2025 کو اسلام آباد میں ہوا، اس دوران دونوں ممالک کے درمیان اہم پروٹوکولز پر دستخط کیے گئے ۔ وزارت اقتصادی امور کی جانب سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ پہلے دن 22 اکتوبر کو تکنیکی سیشن ہوا، جس میں دونوں ممالک کے وفود نے مختلف شعبوں میں تعاون کے تکنیکی پہلوؤں پر گہرائی سے تبادلہ خیال کیا۔ دوسرے دن 23 اکتوبر کو وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور قطر کے وزیر تجارت و صنعت شیخ فیصل بن ثانی بن فیصل آل ثانی نے مختلف شعبوں میں تعاون کو مضبوط کرنے کیلئے متعدد پروٹوکولز پر دستخط کیے ۔ اختتامی سیشن میں دونوں وزرا نے اپنی تقاریر میں دوطرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون کو بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا اور دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کو تجارت، سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کیلئے استعمال کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ وزارت اقتصادی امور کے سیکریٹری محمد حمیر کریم نے پرامید انداز میں کہا کہ چھٹا جے ایم سی پاک۔قطر کے تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط کرنے میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے تعاون کو فروغ دینے میں کمیشن کے کردار اور قطری سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے پاکستان کے عزم کو اجاگر کیا۔ تجارت، معیشت اور سرمایہ کاری کے شعبے میں طے پانے والے پروٹوکولز کے تحت دونوں ممالک نے امیرِ قطر کے اس ویژن کو عملی جامہ پہنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے ، جس کے تحت قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی(کیو آئی اے ) یا دیگر سرمایہ کاری ذرائع کے ذریعے پاکستان میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔