انقرہ :9 نومبر ( ایجنسیز) ترکیہ کے صدر رجب طیب اردغان نے اتوار کو اعلان کیا کہ ترکیہ کے وزیر خارجہ حقان فیدان ، وزیر دفاع یشار گولر اور انٹلیجنس کے سربراہ ابراہیم قالن آئندہ ہفتہ اسلام آباد کا دورہ کریں گے تاکہ افغانستان اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر بات چیت کی جاسکے ۔ ترک خبر رساں ادارہ انادولو کی رپورٹ کے مطابق صدر رجب طیب اردغان نے یہ اعلان آذربائیجان سے واپسی کے دوران طیارہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ذرائع کے مطابق پاکستان اور افغانستان کے درمیان استنبول میں ثالثوں کی موجودگی میں جاری مذاکرات جمعہ کو کسی معاہدہ کے بغیر ختم ہوگئے تھے کیونکہ فریقین سرحد پار دہشت گردی کی نگرانی اور روک تھام کے طریقہ کار پر اپنے اختلافات دور کرنے میں ناکام رہے ۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے تصدیق کی کہ مذاکرات ختم ہوچکے ہیں اور اب غیر معینہ مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں ۔ جیو نیوز سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ اس وقت مذاکرات ختم ہوچکے ہیں ، ان کا کہنا تھا کہ افغان طالبان کا وفد ایک بار پھر کسی واضح ایجنڈہ کے بغیر استنبول آیا اور تحریری معاہدہ پر دستخط کرنے کیلئے تیار نہیں تھا ۔
