کراچی ۔ 28 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) کراچی میں شدید بارش کے بعد نیشنل اسٹیڈیم کی آؤٹ فیلڈ کی مخدوش حالت کو دیکھتے ہوئے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرے ونڈے میچ کا شیڈول تبدیل کردیا گیا۔میدان کی خراب حالت کو دیکھتے ہوئے پاکستان اور سری لنکائی کرکٹ بورڈز نے میچ میں تبدیلی کرتے ہوئے ایک دن کے لیے ملتوی کردیا تاکہ میدان کے عملہ کو تیاری اور آؤٹ فیلڈ کو کھیل کے قابل بنانے کے لیے وقت دیا جا سکے۔ عملہ کو میدان کو کھیل کے قابل بنانے کے لیے کم از کم دو دن کا وقت درکار تھا لہٰذا اب اتوار کو ہونے والا ونڈے میچ پیر 30 ستمبر کو ہو گا۔یاد رہے کہ کراچی میں چند گھنٹے کی بارش نے پاک سری لنکا سیریز کی تیاریوں کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) اور اسٹیڈیم کی انتظامیہ کی تیاریوں کی قلعی کھول دی۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ونڈے میچوں کی سیریز کا پہلا میچ جمعہ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جانا تھا لیکن شدید بارش کے بعد میدان میں پانی جمع ہونے کے باعث میچ کا انعقاد ممکن نہ ہو سکا۔ کراچی میں کئی دن سے مستقل بارش جاری ہے اور جمعہ کو بھی بارش کی پیش قیاسی تھی لیکن اس کے باوجود انتظامیہ نے پانی کی نکاسی اور آؤٹ فیلڈ کو گیلا ہونے سے بچانے کے لیے کوئی انتظام نہیں کیا گیا۔بارش کے سبب اسٹیڈیم کی آؤٹ فیلڈ میں پانی کھڑا ہوگیا جبکہ اسٹیڈیم کے احاطے میں بھی ہر جگہ پانی جمع ہونے کے ساتھ ساتھ چھت سے بھی پانی ٹپکنے لگا۔