پاک افغان سرحدی جھڑپوں پر اقوام متحدہ کی گہری تشویش

   

نیویارک ۔ 27 فبروری (ایجنسیز) اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحدی علاقوں میں بڑھتی ہوئی فوجی جھڑپوں پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ کشیدگی کم کرنے کے لیے فوری اور سنجیدہ اقدامات کریں۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ترجمان اسٹفین دوجارک کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکریٹری جنرل خطے میں بدلتی ہوئی صورتحال کا نہایت باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں اور فریقین کو بین الاقوامی قوانین، بالخصوص بین الاقوامی انسانی قانون کی مکمل پاسداری کی تلقین کر رہے ہیں تاکہ انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔اقوام متحدہ کے بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ موجودہ کشیدہ حالات میں عام شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہونی چاہیے، جبکہ عسکری سرگرمیوں کے دوران احتیاط اور ذمہ داری کا مظاہرہ ناگزیر ہے۔عالمی ادارے نے دونوں جانب سے تحمل، بردباری اور دانش مندی سے کام لینے کی اپیل کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ کسی بھی قسم کی مزید کشیدگی خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرات پیدا کر سکتی ہے۔یاد رہے کہ پاک افغان سرحد پر افغان طالبان حکومت کی جانب سے مسلسل بلاجواز اور اشتعال انگیز سرگرمیوں کے تناظر میں پاکستان نے بھرپور اور فیصلہ کن جوابی اقدامات کے تحت آپریشن غضب للحق کا آغاز کر رکھا ہے۔