خفیہ تفصیلات، اے ٹی ایس کی چارج شیٹ میں دعویٰ
ممبئی :ڈی آر ڈی او کے سائنسدان پردیپ کورولکر نے زارا داس گپتا‘ کا نام استعمال کرتے ہوئے ایک پاکستانی انٹیلی جنس ایجنٹ سے رابطہ میں تھا اور اس نے اس سے خفیہ دفاعی منصوبوں کے علاوہ ہندوستانی میزائل سسٹم کے بارے میں بات چیت کی تھی۔ یہ الزامات کورولکر کے خلاف داخل چارج شیٹ میں ہیں۔ مہاراشٹرا پولیس کے انسداد دہشت گردی اسکواڈ نے گذشتہ ہفتے یہاں کی ایک عدالت میں کورولکر کے خلاف چارج شیٹ داخل کی تھی۔ وہ پونے میں ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کی لیبارٹری کے ڈائریکٹر تھے۔اسے 3 مئی کو آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا تھا اور اب وہ عدالتی حراست میں ہیں۔ چارج شیٹ کے مطابق، کورولکر اور زارا داس گپتا واٹس ایپ کے ذریعے رابطے میں رہتے تھے اور ساتھ ہی وائس اور ویڈیو کال کے ذریعے بات چیت کرتے تھے۔ اے ٹی ایس نے چارج شیٹ میں کہا کہ داس گپتا نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ برطانیہ میں رہتی ہے اور ایک سافٹ ویئر انجینئر ہے اور کورولکر کو فحش پیغامات اور ویڈیوز بھیج کر اس سے دوستی کی تھی۔ تفتیش کے دوران اس کا آئی پی ایڈریس پاکستان کا پایا گیا۔
