اسلام آباد: پاکستان کی عدالت نے وزیر اعظم عمران خان کو بڑا جھٹکا دے دیا ہے۔ سپریم کورٹ نے قومی اسمبلی بحال کرتے ہوئے 9 اپریل کو قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کا حکم دے دیا۔ جس میں پاکستان کی اگلی حکومت کا فیصلہ تحریک عدم اعتماد کے ذریعے کیا جائے گا۔ سپریم کورٹ نے ڈپٹی اسپیکر کی جانب سے قومی اسمبلی کی تحلیل کو غیر آئینی قرار دے دیا۔ قبل ازیں سپریم کورٹ آف پاکستان نے عمران خان حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے دوران ڈپٹی سپیکر کے فیصلے کو غلط قرار دیا تھا۔پاکستانی اخبار ڈان کے مطابق پاکستان میں سپریم کورٹ کے چیف جسٹس عطا باندیال نے کہا ہے کہ یہ بات واضح ہے کہ 3 اپریل کو قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر نے تحریک عدم اعتماد کو خارج کیا، یہ سراسر غلط تھا۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ ہمیں ملکی مفاد میں دیکھنا ہوگا۔ اس پر ہم آج ہی فیصلہ سنائیں گے۔ پاکستانی وقت کے مطابق اس بارے میں حتمی فیصلہ آج شام ساڑھے سات بجے سنایا جائے گا۔ یعنی بھارتی وقت کے مطابق 8 بجے کے قریب سپریم کورٹ آف پاکستان کا فیصلہ سنایا جائے گا۔ قبل ازیں سماعت مکمل کر کے عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔