اسلام آباد: پاکستانی فوج نے کہا کہ پاکستانی فوج اور شاہی سعودی زمینی افواج (رائل سعودی لینڈ فورسز) نے اپنی فوجی صلاحیتوں کو بڑھانے اور مہارت کے تبادلے کیلئے مشرقی شہر مظفر گڑھ میں ایک مشترکہ فوجی مشق کا انعقاد کیا۔پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط دفاعی تعلقات اور دوطرفہ سیکیورٹی تعاون قائم ہے۔ دونوں ممالک باقاعدگی سے مشترکہ فضائی، برّیاور بحری فوجی مشقوں میں حصہ لیتے ہیں۔ سعودی مملکت کے کئی کیڈٹس شرقِ اوسط کے دیگر ممالک کے ہم منصبوں کے ساتھ سالانہ خصوصی فوجی تربیت حاصل کرنے کیلئے پاکستان آتے ہیں۔گذشتہ ماہ رائل سعودی لینڈ فورسز (آر ایس ایل ایف) اور پاکستان آرمی کے اہلکاروں نے مشرقی شہر اوکاڑہ میں ایک مشترکہ فوجی تربیتی مشق کا آغاز کیا۔ جنوری میں ایک مشترکہ پاک-سعودی دفاعی فورم کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں دو طرفہ تعاون کے فروغ اور تمام شعبوں میں تعاون میں اضافے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔