وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت پر کامل یقین، مرکزی وزیر جیتندر سنگھ کا بیان
نئی دہلی 24 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر جتندر سنگھ نے کہاکہ اب وہ دن دور نہیں جب پاک مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی ترنگا لہرائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ مجھے وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت پر کامل یقین ہے کہ وہ ہندوستان کو نئی راہوں پر گامزن کریں گے اور یہ ملک تیزی سے ترقی کررہا ہے۔ وہ دن دور نہیں جب پاک مقبوضہ کشمیر میں ترنگا لہرائیں جہاں شیاما پرساد مکرجی نے اپنی زندگی قربان کردی تھی۔ اس علاقہ میں ترنگا یا ’’نشان‘‘ نصب کریں گے اور یہ نشان شیاما پرساد مکرجی کے لئے خراج ہوگا۔ جیتندر سنگھ جموں و کشمیر میں چینائی ۔ تسہار سرنگ کو نئے نام سے موسوم کرنے کی تقریب میں شرکت کررہے تھے۔ انھوں نے اس سرنگ کو وزیر ٹرانسپورٹ نیتن گڈکری کا کارنامہ قرار دیا۔ اس سرنگ کا نام شیاما پرساد مکرجی دیا گیا ہے۔ 2017 ء میں نریندر مودی نے اس 9 کیلو میٹر طویل ٹنل کو مکرجی کے نام سے موسوم کیا تھا۔ یہ سرنگ جموں اور سرینگر کے درمیان فاصلہ کو 31 کیلو میٹر تک گھٹاتی ہے۔ ابتداء میں مکرجی کے نام سے موسوم کرنے کے لئے بعض پیچیدگیاں پیدا ہوئی تھیں۔ جیتندر سنگھ نے مزید کہاکہ 66 سال قبل اراضی 1953 ء کو مکرجی کو لکھن پور میں گرفتار کرلیا گیا تھا۔ ان کی یہ گرفتاری غیر قانونی طریقہ سے ہوئی تھی۔ کوئی ایف آئی آر درج نہیں کیا گیا، کوئی چارج شیٹ یا وارننگ نہیں دی گئی انھیں چینائی نسہاری روڈ سے لے جایا گیا تھا۔ 23 جون 1953 ء میں مکرجی کی موت کے بعد ان کی والدہ نے اس وقت کے وزیراعظم جواہر لال نہرو کو مکتوب لکھ کر اپنے بیٹے مکرجی کی موت کی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا تھا۔ بعض وجوہات کی بناء پر اس وقت کے وزیراعظم نہرو نے اس کیس کی تحقیقات نہیں کروائی۔