پاک ۔افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام،30ہلاک

   

اسلام آباد، 4 جولائی (یو این آئی)سکیورٹی فورسز نے پاک – افغان سرحد پر دراندازوں (تحریک طالبان پاکستان) کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے موثر کارروائی میں 30 درانداز وںکو ہلاک کردیا۔رپورٹ کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یکم اور دو جولائی 2025 کی درمیانی شب اور پھر 2 اور 3 جولائی کی درمیانی شب سیکیورٹی فورسز نے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں پاک – افغان سرحد کے راستے دراندازی کی کوشش کرنے والے دہشت گرودوں کے ایک بڑے گروہ کی نقل و حرکت کو بروقت محسوس کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق افواج پاکستان نے بھرپور پیشہ ورانہ مہارت اور مؤثر حکمتِ عملی کے تحت دراندازوں کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا، اس کارروائی میں تمام 30 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے غیر معمولی پیشہ ورانہ صلاحیت، چوکسی اور ہمہ وقت تیاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ممکنہ سانحے کو بروقت روک دیا۔آئی ایس پی آر نے باور کرایا ہے کہ امارتِ اسلامیہ افغانستان کو بھی یہ ذمہ داری نبھانی چاہیے کہ وہ اپنی سرزمین کو ‘غیر ملکی ایجنٹوں’ کے ہاتھوں پاکستان کے خلاف دہشت گرد کارروائیوں کے لیے استعمال نہ ہونے دے ۔ پاکستان دہشت گردی کے مکمل خاتمہ کے لیے پرعزم اور ثابت قدم ہیں۔