ہرارے ۔پاکستان اور زمبابوے کے درمیان ٹسٹ سیریزکا آغاز جمعرات کو ہوگا اور دونوں ٹیمیں ہرارے اسپورٹس کلب میں آمنے سامنے ہوں گی۔بابراعظم کی قیادت میں میدان میں اترنے والی پاکستان کرکٹ ٹیم نے آخری مرتبہ ٹسٹ سیریزجنوبی افریقہ کے خلاف جنوری/فروری میں کھیلی تھی، جہاں پاکستان نے پہلا ٹسٹ میچ 7 وکٹوں اور دوسرا 95 رنز سے جیتا تھا۔ اس دوران پاکستان نے وائیٹ بال کرکٹ کی چار دو طرفہ سیریز کھیلیں، جس میں تین ٹی 20 اور ایک ونڈے سیریز شامل تھیں، یہ چاروں سیریزپاکستان نے جیتیں۔جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم ٹسٹ سیریزمیں سنچریاں اسکور کرنے والے پاکستان کے دو بیٹسمین، فواد عالم اورمحمد رضوان، 29 اپریل کو شروع ہونے والی سیریزمیں بھی نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کریں گے۔ وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان رواں سال بہترین بیٹنگ فارم میں ہیں۔ وہ اب تک اس محدود اوورس کیکرکٹ میں سب سے زیادہ رنزبنانے والے بیٹسمین ہیں۔دوسری طرف حال ہی میں عالمی ونڈے درجہ بندی میں دنیا کے پہلے اور ٹی 20 میں دوسرے بہترین بیٹسمین بننے والے بابراعظم بھی سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ٹسٹ کرکٹ کے پانچ بہترین بیٹسمینوں میں شامل ہونے کی کوشش کریں گے۔اس سیریزمیں پاکستان کے چوتھے نمایاں بیٹسمین اظہر علی ہوں گے، جواب تک اپنے ٹسٹ کیریئر میں زمبابوے اور جنوبی افریقہ کے علاوہ ہرٹیم کے خلاف سنچری اسکور کرچکے ہیں۔