نظام آباد۔ 18 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ پبلک اینڈ پرائیویٹ روڈ ٹرانسپورٹ ورکرز فیڈریشن (AIRTWF-CITU) کا اجلاس آج منعقد ہوا جس کی صدارت کے راملو نے کی۔ اجلاس میں بطور مہمان خصوصی سی آئی ٹی یو ضلع سکریٹری نورجہاں بیگم نے شرکت کی اور اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آٹو کیاب، ڈی سی ایم اور اسکول بس ڈرائیور و مزدور شدید مشکلات سے دوچار ہیں جبکہ کانگریس حکومت نے انتخابات سے قبل جو وعدے کئے تھے انہیں فراموش کرتے ہوئے ٹرانسپورٹ شعبہ کے کارکنوں کے ساتھ ناانصافی کی جارہی ہے۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ٹرانسپورٹ شعبہ کے مزدوروں کے لیے ایک فلاحی بورڈ قائم کیا جائے اور حادثات یا دیگر وجوہات کے سبب جاں بحق ہونے والے کارکنوں کے اہلِ خانہ کو دس لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے۔ اجلاس کے اختتام پر تیرہ رکنی نئی شہری کمیٹی کا انتخاب عمل میں آیا جس میں او بی سی کے سات اراکین شامل ہیں۔ منتخب عہدیداروں میں کتاری رامولو ٹاؤن سرپرست، عبدالمجیب صدر، سید رفیع الدین اور سی ایچ پانڈری نائب صدر، ٹی کرشنا جنرل سکریٹری، جی ملیش معاون سکریٹری، پی وٹل ٹریزر جبکہ اراکین میں ادے، عرفان، جاوید، عمران خان، ایم اے انیس اور تلسی داس شامل ہیں۔ اجلاس میں مزدوروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔