تقررات کا عمل شفافیت پر مبنی ہو، دو روزہ قومی ورکشاپ کا اختتام
حیدرآباد 13 جون (سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ جشنودیو ورما نے تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کی جانب سے نلسار یونیورسٹی آف لا کے اشتراک سے منعقدہ دو روزہ قومی ورکشاپ میں شرکت کی اور اختتامی خطبہ دیا۔ ملک میں پبلک سرویس کمیشنوں کو درپیش قانونی مسائل پر ورکشاپ منعقد کیا گیا تھا جس کا آج اختتام عمل میں آیا۔ گورنر جشنودیو ورما نے تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کی ستائش کی اور کہاکہ مختلف ریاستوں کے پبلک سرویس کمیشنوں نے قانونی اُمور پر مشترکہ غور کے لئے ورکشاپ منعقد کیا ہے جو قابل ستائش ہے۔ گورنر نے پبلک سرویس کمیشنوں پر زور دیا کہ وہ دستوری اقدار پر گامزن رہیں اور تقررات کے سلسلہ میں شفافیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے میرٹ حاصل کرنے والے امیدواروں کا انتخاب کریں۔ گورنر نے دستوری اداروں کی جانب سے انصاف، مؤثر کارکردگی، شفافیت کا مشورہ دیتے ہوئے کہاکہ تقررات کے عمل اداروں کی بہتر کارکردگی کو ظاہر کرتا ہے۔ ورکشاپ کے دوسرے دن کئی ممتاز شخصیتوں نے اظہار خیال کیا جن میں صدرنشین کرناٹک پبلک سرویس کمیشن ایس شنکر، جوائنٹ سکریٹری یونین پبلک سرویس کمیشن سنتوش گوپال اجمیرا، پروگرام ڈائرکٹر بنگلور سوریہ پرکاش، صدرنشین گوا پبلک سرویس کمیشن ادے سنہہ راؤ رانے، جسٹس ڈی ناگرجن صدرنشین تلنگانہ الیکٹرسٹی ریگولیٹری کمیشن اور گجرات پبلک سرویس کمیشن کے صدرنشین ہسمکھ پٹیل شامل ہیں۔ صدرنشین تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن نے کہاکہ پبلک سرویس کمیشنوں کو متواتر طور پر درپیش قانونی اُمور کے بارے میں معلومات رکھنی چاہئے تاکہ ملک بھر میں کمیشنوں کی کارکردگی میں سہولت ہو۔ اُنھوں نے ملک کے تمام کمیشنوں کے درمیان اشتراک کے لئے لیگل جنرل کی اشاعت کا مشورہ دیا۔ ملک کی 8 ریاستوں سے تعلق رکھنے والے پبلک سرویس کمیشنوں کے صدورنشین نے اجلاس میں شرکت کی۔1