پبلک سرویس کمیشن نے 5 مارچ کے اسسٹنٹ انجینئرس امتحان کو منسوخ کردیا

   

حیدرآباد۔/15 مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن نے 5 مارچ کو منعقدہ ٹاون پلاننگ شعبہ کے اسسٹنٹ انجینئرس کے امتحان کو منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کمیشن کے چیرمین جناردھن ریڈی نے اپنے بیان میں کہا کہ اس امتحان کا پرچہ سوالات افشاء ہونے کے پیش نظر سنٹرل کرائم اسٹیشن نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا ہے۔ اس امتحان کیلئے پبلک سرویس کمیشن نے اعلامیہ نمبر 16/2022 مورخہ 22 ستمبر 2022 کو جاری کرتے ہوئے محکمہ بلدیہ کے ٹاؤن پلاننگ انجینئرنگ اور دیگر مخلوعہ جائیدادوں کیلئے امتحان کا اعلان کیا تھا اور 5 مارچ 2023 کو امتحان منعقد کیا گیا تھا لیکن اس کا پرچہ سوالات افشاء ہونے پر پولیس نے اس ریاکٹ میں ملوث 9 افراد بشمول پبلک سرویس کمیشن کے سیکشن آفیسر اور ایک پولیس کانسٹبل کو گرفتار کیا تھا۔ اس کیس کی تحقیقات کو حیدرآباد سی سی ایس کی اسپیشل انوسٹیگیشن ٹیم کے حوالے کردیا گیا ہے۔ ایس آئی ٹی کے عہدیداروں نے آج پبلک سرویس کمیشن پہنچ کر ازسرنو تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ب