پبلک سرویس کمیشن کے روبرو دوسرے دن بھی طلبہ تنظیموں کا احتجاج

   

صدر نشین کی برطرفی اور چیف منسٹر سے استعفیٰ کا مطالبہ
حیدرآباد۔/15 مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے روبرو آج دوسرے دن بھی مختلف طلبہ تنظیموں کا احتجاج جاری رہا۔ کمیشن کے امتحانی پرچہ جات کے افشاء معاملہ میں طلبہ میں تشویش بڑھتی جارہی ہے۔ کمیشن کی جانب سے اس سلسلہ میں اطمینان بخش وضاحت نہیں کی گئی جس کے نتیجہ میں طلبہ تنظیموں نے احتجاج میں شدت پیدا کرتے ہوئے افشاء کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ اے بی وی پی اور عام آدمی پارٹی کی طلبہ تنظیم کے علاوہ دیگر تنظیموں نے آج بھی کمیشن کے دفتر کے روبرو مظاہرہ کیا۔ کمیشن کے باہر احتجاج سے نمٹنے کیلئے پولیس نے سخت انتظامات کئے ہیں اور احتجاجیوں کو روکنے کیلئے بیریکیڈس نصب کئے گئے۔ پولیس نے احتجاجی کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔ گذشتہ دو دنوں سے کمیشن کے دفتر کے روبرو وقفہ وقفہ سے احتجاج جاری ہے۔ اے بی وی پی کارکنوں کو حراست میں لے کر بوئن پلی پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا۔ احتجاجیوں نے کمیشن کے صدرنشین اور ارکان کی برطرفی اور چیف منسٹر سے استعفیٰ کی مانگ کی۔ر