کوویڈ وبا کے باعث تقریباً آٹھ ماہ سے بین ریاستی ٹرین خدمات موقوف ہیں ۔ جس کے نتیجہ میں ساوتھ سنٹرل ریلوے اور ملٹی ماڈل ٹرانسپورٹ سسٹم ( ایم ایم ٹی ایس ) کی خدمات رک گئیں اور انہیں بھاری نقصانات ہوئے ۔۔
حیدرآباد :۔ حالانکہ ریاست میں پبلک ٹرانسپورٹ ( آر ٹی سی بسوں ) پر پابندیوں کو دو ماہ قبل برخاست کردیا گیا ہے تاہم شہر میں ابھی پوری طرح بس خدمات شروع نہیں ہوئی ہیں ۔ سب اربن کالونیز اور دیہاتوں سے شہر کے تمام بڑے مقامات تک چلائی جانے والی سٹی بسوں کو منسوخ کردیا گیا ہے ۔ جس کے نتیجہ میں مسافروں کو ان کے مقامات کا سفر کرنے میں دشواری ہورہی ہے ۔ دوسری طرف آٹو رکشا اور کیابس اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مسافرین سے بہت زیادہ کرایہ وصول کررہے ہیں ۔ چونکہ کوئی اور راستہ نہیں ہے ۔ اس لیے مسافر آٹو رکشا اور کیابس کی خدمات حاصل کررہے ہیں ۔ نیز کوویڈ وبا کی وجہ تقریبا آٹھ ماہ سے بین ریاستی ٹرین سروسیس بھی موقوف ہوئی ہیں جس کے نتیجہ میں ساوتھ سنٹرل ریلوے اور ملٹی ماڈل ٹرانسپورٹ سسٹم ( ایم ایم ٹی ایس ) کو بھاری نقصان ہوا ۔ حالانکہ ساوتھ سنٹرل ایم ایم ٹی ایس سرویس شروع کرنے کے لیے تیار ہے اور اس کے لیے حکومت کی اجازت کا انتظار ہے ۔ عہدیداروں نے کہا کہ ان دو ریلوے اتھارٹیز کو گذشتہ سات ماہ میں 20 کروڑ روپئے تک نقصان ہوا ۔ ساوتھ سنٹرل ریلوے کے ایک سینئیر عہدیدار نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط کے ساتھ کہا کہ ان سب اربن ٹرینس سے روزانہ جو آمدنی ہوتی ہے وہ 8 تا 9 لاکھ روپئے کے درمیان تھی جو ماہانہ تقریبا 2.5 کروڑ روپئے ہوتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کوویڈ لاک ڈاؤن کے باعث 22 مارچ سے ٹرین خدمات کی معطلی سے ایم ایم ٹی ایس سروسیس کو 20 کروڑ روپئے کا نقصان ہوا ۔ بعض ریاستوں میں چند شرائط کے ساتھ لوکل ٹرین سروسیس کو جزوی طور پر چلایا جارہا ہے ۔ تاہم وزارت ریلوے نے تاحال ایم ایم ٹی ایس سروسیس کو پھر شروع کرنے کے سلسلہ میں اس طرح کے کوئی رہنمایانہ خطوط جاری نہیں کئے ہیں ۔ ساوتھ سنٹرل ریلوے کی جانب سے سکندرآباد ، لنگم پلی ، حیدرآباد ، لنگم پلی اور سکندرآباد ۔ فلک نما سیکشنس پر سروسیس چلائی جاتی ہیں ۔ عہدیداروں کے کہنے کے مطابق ہر روز تقریبا 1.60 لاکھ مسافرین ایم ایم ٹی ایس سروسیس کا استعمال کرتے ہیں اور وہ اس کے شروع ہونے کے لیے حکومت کی اجازت کا انتظار کررہے ہیں ۔ ان سروسیس کے لیے کرایہ تین سلابس 5 ، روپئے ، 10 روپئے اور 15 روپئے میں ہے ۔ ایم ایم ٹی ایس کی جانب سے تقریبا 121 ٹرین سروسیس چلائی جاتی ہیں ۔ جس میں سکندرآباد ، کاچی گوڑہ اور حیدرآباد اسٹیشنس کے علاوہ 25 لوکل اسٹیشنس کا احاطہ کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ’ گرین سگنل ملتے ہی ہم سخت کوویڈ رہنمایانہ خطوط کے تحت آپریشنس شروع کریں گے ‘ ۔۔
