منشیات کے استعمال کیلئے پازیٹیو پائے گئے ۔ سماج کیلئے لمحہ فکر
حیدرآباد : /7 جولائی (سیاست نیوز) دونوں شہروں میں جرائم کی شرح میں اضافہ سے پریشان نفاذ قانون کی ایجنسیاں منشیات کے خلاف کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے ۔ تازہ کارروائی میںسائبر آباد کے علاقہ خواجہ گوڑہ میں ایک پب پر دھاوا کرکے 24 نوجوانوں بشمول 10 مسلم نوجوانوں کو ڈرگس استعمال کے الزام میں گرفتار کرلیا ۔ یہ تشویش کی بات ہے کہ مسلم نوجوانوں میں ڈرگس کے عادی افراد کی تعداد بڑھتی جارہی ہے ۔ ڈی سی پی مادھاپور ڈاکٹر ونیت نے میڈیا کو بتایا کہ سائبر آباد کی اسپیشل آپریشن ٹیم ، تلنگانہ انسداد منشیات اسکواڈ اور آبکاری کی ایک مشترکہ کارروائی میں خواجہ گوڑہ میں ’ دی کیوو پب ‘ پر دھاوا کیا گیا ۔ 24 نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا جو ڈرگس کے استعمال کیلئے پازیٹیو پائے گئے ۔ ویک اینڈ پر پولیس کی پب پر اچانک کارروائی میں 10 مسلم نوجوانوں کا ڈرگس استعمال کرتے گرفتار کیا جانا باعث تشویش ہے ۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ اس کارروائی میں پب کے منیجر آر شیکھر کمار کو بھی گرفتار کیا جاچکا ہے جبکہ مانصاحب ٹینک کے ساکن محمد عدنان باری ، ٹولی چوکی کے محمد علی ، ملے پلی کے محمد یٰسین ، ملک پیٹ کے محمد رفیع نظامی ، حمایت نگر کے محمد ارباز ، ٹولی چوکی کے مرزا اسد احمد ، شیخ پیٹ کے محمد سید رضا ، آئی ڈی پی ایل کالونی کے محمد نواز الدین ، ٹولی چوکی کے انیس مشرف شامل ہیں ۔ اس کارروائی میں انسداد منشیات بیورو نے ڈی جے آپریٹر سندیپ شرما اور سائی گورنگ کو بھی ڈرگس کے استعمال کیلئے پازیٹیو پایا ۔ کلب منیجر عبداللہ ایوب عرف فوزان اور دیگر ڈرگس پارٹی کے انعقاد میں مدد کے قصوروار پائے گئے ۔ شہر میں بڑھتے جرائم کے پس منظر میں پولیس نے حالات کا تجزیہ کیا جس میں ڈرگس ، کوکین اور گانجے کے استعمال سے غیرقانونی سرگرمیوں میں اضافہ کا پتہ چلا ہے ۔ تشویش کی بات یہ ہے کہ منشیات کی لعنت میں سینکڑوں مسلم نوجوان بھی ہیں جس سے ان کی ازدواجی زندگی متاثر اور والدین پریشان ہیں ۔ سابق میں شراب نوشی یا ڈرگس کے استعمال میں ایکا دوکا مسلم نوجوان ملوث تھے لیکن آج سینکڑوں مسلم نوجوان منشیات کی زد میں آگئے ہیں ۔ نوجوانوں کی اس حرکت سے کئی والدین لاعلم ہے اور نوجوان اس لعنت میں ڈوبتے جا رہے ہیں جو لمحہ فکر ہے ۔