پتنگ بازی کے دوران حادثات ، تین افراد بشمول کمسن لڑکا ہلاک

   

حیدرآباد /14 جنوری ( سیاست نیوز ) شہر و نواحی علاقوں میں پتنگ بازی کے دوران پیش آئے حادثات میں دو افراد بشمول ایک کمسن لڑکا فوت ہوگیا ۔ جبکہ مانجہ کی زد میں آکر ایک فوجی ہلاک ہوگیا ۔ یہ دلسوز واقعات الوال ، ناگول اور لنگر حوض پولیس حدود میں پیش آئے ۔ ابھی عطاپور کا واقعہ تازہ ہی تھا کہ یہ واقعات پیش آئے جبکہ کئی زخمی ہونے کی اطلاعات پائی جاتی ہیں ۔پتنگ بازی کے دوران احتیاط کے مشورے اور ہدایت کے باوجود ایسے واقعات کا پیش آنا افسوس کا سبب بنا ہوا ہے ۔ جبکہ خطرناک مانجہ کے سبب راہگیروں پر بھی خطرہ منڈلانے لگا ہے ۔ لنگر حوض حدود میں ایک فوجی مانجہ کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا ۔ لنگر حوض پولیس کے مطابق 29 سالہ کوٹیشور ریڈی ملٹری میں نائیک تھا جو ملٹری ہاسپٹل گولکنڈہ میں خدمات انجام دے رہا تھا ۔ روزآنہ کے معمول کی طرح کوٹیشور ریڈی راجندر نگر میں واقع اپنے مکان سے ڈیوٹی پر روانگی کیلئے نکلا جیسے ہی وہ اپنی موٹر سائیکل پر لنگر حوض فلائی اوور علاقہ میں پہونچا مانجہ کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا اور فوت ہوگیا ۔ تیز مانجہ جو چینی مانجہ تصور کیا جارہا ہے ۔ حالانکہ اس مانجہ کی فروخت پر پابندی لگائی گئی ہے ۔ اس مانجہ کے سبب فوجی کا گلا کٹ گیا اور وہ شدید زخمی حالت میں فوت ہوگیا ۔ کوٹیشور ریڈی کا تعلق ریاست آندھراپردیش کے وشاکھاپٹنم سے بتایا گیا ہے ۔ الوال حدود میں 20 سالہ آکاش نامی نوجوان پتنگ بازی کے دوران بلندی سے گرکر فوت ہوگیا ۔ آکاش الوال علاقہ میں رہتا تھا جو راج شیکھر نامی شخص کا بیٹا تھا ۔ راج شیکھر محکمہ پولیس سے وابستہ ہیں جو اے ایس آئی رتبہ پر الوال پولیس اسٹیشن سے وابستہ ہیں ۔ آکاش اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پتنگ بازی میں مشغول تھا کہ یہ واقعہ پیش آیا ۔ ناگول حدود میں شیوا پرسنا نامی ایک لڑکا پتنگ بازی کے دوران پیش آئے حادثہ میں بلندی سے گرکر فوت ہوگیا ۔ شیوا پرسنا 8 ویں جماعت کا طالب علم تھا ۔ پولیس نے شہریوں سے پتنگ بازی کے دوران احتیاط برتنے کی درخواست کی ہے اور مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔ ع