پتنگ بازی کے ذریعہ مرکزی حکومت کے سیاہ قانون پر تنقید

   

مخدوم بھون میں سی پی آئی گریٹر حیدرآباد کا منفرد احتجاج
حیدرآباد۔15جنوری(سیاست نیوز) کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا گریٹر حیدرآباد نے سنکرانتی کے موقع پر سی اے اے ‘ این آرسی اور این پی آر کے خلاف منفرد انداز کے احتجاج کا راستہ اختیار کیا۔ چہارشنبہ کی سہ پہر پارٹی ہیڈکوارٹر مخدوم بھون میںکمیونسٹ قائدین نے پارٹی کے ریاستی جنرل سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی کی قیادت میں مخالف سی اے اے‘ این آرسی او راین پی آر تحریرپر مشتمل پتنگیں اڑاتے ہوئے مرکزی حکومت کے سیاہ قوانین کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ بعدازاں میڈیا چاڈا وینکٹ ریڈی نے کہاکہ مرکز کی مودی حکومت ملک کی عوام میں تفریق او رنفرت کو پروان چڑھانے کے مقصد سے شہریت ترمیمی قانون 2019‘ این آرسی ‘ او راین پی آر جیسے حربوں کا استعمال کررہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں ایسے بے شمار مسائل ہیں جس پر حکومت کی توجہہ ضروری ہے مگر حقیقی مسائل سے عوام کی توجہہ ہٹانے کے لئے بی جے پی حکومت اس طرح کے مسائل کو اجاگر کررہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان ایک سکیولر ملک ہے ‘ جہاں پر تمام مذاہب کے لوگوں کو مکمل آزادی کے ساتھ رہنے کا آئینی حق ہے مگر جب سے مرکز میں نریندر مودی کی حکومت تشکیل پائی ہے تب سے نفرت کا ماحول پیدا کیاجارہا ہے۔ مسٹر وینکٹ ریڈی نے کہاکہ متنازعہ قوانین کے ذریعہ بی جے پی حکومت نہ صرف ہندوستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانے کاکام کررہی ہے بلکہ مساوات کو یقینی بنانے والے آئین کے ساتھ بھی چھیڑ چھاڑ کی جارہی ہے۔سی اے اے ‘ این آرسی او راین پی آر کے خلاف احتجاج کررہے مظاہرین کے ساتھ پولیس اور حکومت کے رویہ کو بھی انہوں نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ پرامن انداز میںاحتجاج کرنے والے مظاہرین پر سنگین دفعات کے تحت مقدمات کا اندراج پولیس او رحکومت کا غیر جمہوری قدم ہے۔ انہو ںنے کہاکہ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا ملک کے سکیولر اقدار کی حفاظت کے لئے جدوجہد کرتی رہے گی ۔ انہوں نے بتایاکہ کمیونسٹ قائدین اورکارکنان کی جانب سے سنکرانتی کے موقع پر مخالف سی اے اے ‘ این آرسی او راین پی آر نعروں پر مشتمل پتنگوں کے ذریعہ مودی حکومت کے سیاہ قانون کی مخالفت کی جارہی ہے۔اس موقع پر ڈاکٹر سدھاکر او ردیگر کمیونسٹ قائدین بھی موجود تھے جنھوں نے مذکورہ پتنگوں کو اُڑا کراپنا احتجاج درج کرایا۔