موبائیل فون کی اجازت نہیں ہوگی، تربیتی پروگرام سے کلکٹر کا خطاب
پداپلی۔/2ڈسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)کلکٹر و ضلع الیکٹورل آفیسر مزمل خان نے کہا کہ اسمبلی انتخابات کی گنتی کے عمل کو پْرامن طریقے سے انجام دینے کے لئے تمام انتظامات مکمل کئے جائیں۔آج بروز ہفتہ راماگری میں واقع جے این ٹی یو انجینئرنگ کالج میں ریاستی اسمبلی انتخابات کی گنتی کے عمل پر متعلقہ عہدیداروں کو منعقدہ تربیتی پروگرام میں کلکٹر و ضلع الیکشن آفیسر مزمل خان نے راما گنڈم انتخابی مبصر راجیش سنگھ رانا، منتھنی سی۔ پی۔ پٹیل ، پداپلی ، منتھنی انتخابی مبصر سی این شریدھرا کے ہمراہ شرکت کی۔ اس تربیتی پروگرام میں عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے ضلع کلکٹر مزمل خان نے کہاکہ 3ڈسمبر کو صبح 8 بجے جے این ٹی یو کالج بلاک 2 میں، ضلع کے پداپلی، منتھنی اور راماگنڈم اسمبلی حلقوں کے لیے رائے شماری کا عمل شروع ہوگا ، ابتداء میں پوسٹل بیالٹ کی گنتی ہوگی۔ضلع کلکٹر نے مطلع کیا کہ ہر اسمبلی حلقے کے کاؤنٹنگ ہال میں 14 میزیں لگائی جائیں گی، ہر میز پر کاؤنٹنگ سپروائزر، کاؤنٹنگ اسسٹنٹ، مائیکرو آبزرور ایک ٹیم کے طور پر کام کریں گے، ہر اسمبلی حلقے کے لیے 3 ریزرو ٹیمیں، 3 پوسٹل بیالٹ گنتی ٹیمیں موجود ہوں گی، انتخابی گنتی کے پداپلی اسمبلی حلقہ میں 21راؤنڈ، منتھنی اسمبلی حلقہ میں 20 راؤنڈ اور راماگنڈم اسمبلی حلقہ میں 18 راؤنڈ ہوں گے اور گنتی صبح 8 بجے پوسٹل بیالٹ گنتی کے ساتھ شروع ہوگی۔انہوں نے کہا کہ گنتی مرکز میں کسی کو بھی موبائل فون رکھنے کی اجازت نہیں ہے اور گنتی سنٹر میں ضروری تنقیح کیلئے سخت انتظامات کئے جائیں. اس پروگرام میں شریک راماگنڈم اسمبلی حلقہ کے مبصر راجیش سنگھ رانا نے کہا کہ گنتی کے دوران کنٹرول یونٹ میں کسی بھی قسم کی خرابی کو فوری طور پر ریٹرننگ افسر کی توجہ میں لایا جائے۔اس پروگرام میں مجالس مقامی ایڈیشنل کلکٹر، راما گنڈم ریٹرننگ آفیسر جے ارونا شری، ایڈیشنل کلکٹر ریونیو شیام پرساد لعل، پداپلی ریٹرننگ آفیسر سی ایچ مدھو موہن، منتھنی ریٹرننگ آفیسر ہنوما نائک، منتھنی آر ڈی او آفس کے ایڈمنسٹریٹو آفیسر تومو رویندر، کاؤنٹنگ افسران، ریونیو افسران و دیگر نے شرکت کی۔
