پداپلی میں رمضان گفٹ پیکٹس تقسیم کیلئے تیار

   

مستحقین کی فہرست تیار کرنے اقلیتی رہنماؤں سے ایڈیشنل کلکٹر کی خواہش

پداپلی :ضلع ایڈیشنل کلکٹر پداپلی لکشمی نارائنانے کہا کہ ضلع کے غریب مسلم خاندانوں کو رمضان تحفہ کے تحت حکومت کی جانب سے فراہم کئے جانے والے گفٹ پیکٹس تقسیم کے لئے تیار ہیں۔ رمضان کی عید کے لئے ہمارے ضلع کو 5000 گفٹ پیاکٹس مختص کئے گئے ہیں۔ رمضان سے متعلقہ گفٹ پیاکٹس پر آج ضلع ایڈیشنل کلکٹر نے مسلم علمائے دین کے ہمراہ اپنے چیمبر میں جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ انھوں نے کہا کہ پداپلی اسمبلی حلقہ کے لئے 1500 رمضان تحفہ پیاکٹس، منتھنی اسمبلی حلقہ کے لئے 1500 رمضان تحفہ پیاکٹس اور راماگنڈم اسمبلی حلقہ کے لئے 2000 رمضان تحفہ پیاکٹس کی تقسیم کے لئے حکومت کی جانب سے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ ضلع کے مسلم طبقہ سے تعلق رکھنے والے ہر غریب خاندان تک گفٹ پیاک کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے مساجد کے علمائے دین سے ہم آہنگی کے ساتھ مستحقین کی فہرست تیار کرنے اور شفافیت کے ساتھ ان کی تقسیم عمل میں لانے کی اقلیتی عہدیداران کو انھوں نے ہدایت دی۔ ماہ رمضان میں مساجد میں بغیر کسی خلل کے بجلی کی سربراہی اور پانی کی سربراہی کو یقینی بنانے کی متعلقہ عہدیداران کو انھوں نے ہدایت دی۔اس اجلاس میں ضلعی عہدیدار برائے محکمہ اقلیتی بہبود محمد معراج محمود، محکمہ برقی اے۔ڈی وینکٹیشور راؤ، راماگنڈم تحصیلداررمیش، پداپلی تحصیلدار شرینواس، متعلقہ عہدیداران وغیرہ نے شرکت کی۔