پدا واگو ڈیم کتہ گوڑم منہدم، لاکھوں ایکڑ زرعی اراضی کو نقصان

   

38 افراد کو بچالیا گیا، کوئی جانی نقصان نہیں، حکومت کی مستعدی، ذمہ داروں کی نشاندہی کی ہدایت

حیدرآباد۔21جولائی (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کی چوکسی کے نتیجہ میں بھدادری کتہ گوڑم میں پداواگو پراجکٹ کو ہونے والے نقصان کے نتیجہ میں انسانی جانوں کا اتلاف نہیںہوا لیکن اس ڈیم کے منہدم ہونے کے نتیجہ میں لاکھوں ایکڑ لہلہاتی کھیتیاں تباہ ہوچکی ہیں جس کے سبب کسانوں کو بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑاہے۔ وزیر مسٹر ٹی ناگیشور راؤ نے آج کتہ گوڑم کا دورہ کرتے ہوئے منہدم ہونے والے پراجکٹ کا جائزہ لینے کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا اورکہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے فوری طور پر مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 38 افراد کو جو سیلاب میں پھنسے ہوئے تھے ان کو بچانے کے اقدامات نہ کئے جاتے تو بڑا نقصان ہونے کا اندیشہ تھا۔ انہو ںنے بتایا کہ اس پراجکٹ کو ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا جا رہاہے اور اس کے لئے ذمہ داروں کی نشاندہی کی ہدایت دی جاچکی ہے۔ مسٹر ٹی ناگیشور راؤ نے بتایا کہ متحدہ ریاست میں تعمیر کئے گئے اس پراجکٹ میں پائی جانے والی دراڑوں کے متعلق کوئی رپورٹ موصول نہیں ہوئی لیکن گذشتہ دنوں سے جاری بارش اور سیلاب کی صورتحال کے سبب حکومت کی جانب سے چوکسی اختیار کرتے ہوئے عوام کو منتقل کرنے کے اقدامات کئے گئے تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے واقعہ کی جامع تحقیقات کروائی جا ئیں گی ۔ انہوں نے ضلع کلکٹر اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کی مستعدی اور چوکسی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ان کی رپورٹ پر فوری کاروائی کی جس کے نتیجہ میں انسانی جانوں کو تلف ہونے سے محفوظ کیا جاسکا لیکن باندھ ٹوٹنے کے سبب پانی کے بہاؤ کھیتوں میں ہونے کے نتیجہ میں کسانوں کو بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔3