حیدرآباد۔/15 ستمبر، ( سیاست نیوز) اقلیتی اقامتی اسکول پدا پلی گرلز I میں گنیش مورتی کی ایستادگی پر پیدا شدہ تنازعہ کے بعد اقامتی اسکول سوسائٹی کے ریجنل کوآرڈینیٹر نے پرنسپل کو میمو جاری کرتے ہوئے وضاحت طلب کی ہے۔ اقامتی اسکول سوسائٹی کے ریجنل کوآرڈینیٹر کریم نگر نے پرنسپل اقامتی اسکول گرلز I کو میمو جاری کیا جس میں اسکول کے احاطہ میں گنیش پوجا اور مورتی نصب کرنے پر وضاحت طلب کی گئی۔ میمو میںکہا گیا ہے کہ پدا پلی ضلع کی نمائندہ شخصیتوں کے ذریعہ اس بات کی اطلاع ملی ہے کہ فزیکل ڈائرکٹر کے روم میں گنیش مورتی نصب کرتے ہوئے پوجا کی گئی۔ اس سلسلہ میں تصاویر کے ساتھ ثبوت روانہ کیا گیا۔ میمو میں کہا گیا ہے کہ سوسائٹی کے قواعد و ضوابط کے مطابق اسکول احاطہ میں اس طرح کی سرگرمیوں کی اجازت نہیں ہے تاکہ پرامن ماحول کو برقرار رکھا جائے۔ اسکول میں مورتی کی تنصیب اور پوجا سے مسلم سماج میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ پرنسپل سے اندرون 24 گھنٹے تحریری وضاحت کی ہدایت دی گئی بصورت دیگر تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ 1