پدماوتی ریڈی حضور نگر سے کانگریس امیدوار

,

   

سونیا گاندھی نے منظوری دی، ضلع کے تمام قائدین کی تائید حاصل

حیدرآباد۔24۔ ستمبر (سیاست نیوز) کانگریس اعلیٰ کمان نے نلگنڈہ ضلع کے حضور نگر اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ میں کانگریس امیدوار کی حیثیت سے پدماوتی ریڈی کے نام کو منظوری دی ہے۔ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی مکل واسنک نے اعلان کیا کہ صدر کانگریس سونیا گاندھی نے پدماوتی ریڈی کے نام کو منظوری دی ہے ۔ 2014 ء اسمبلی انتخابات میں پدماوتی ریڈی نے کوداڑ اسمبلی حلقہ سے کامیابی حاصل کی تھی ۔ 2018 ء انتخابات میں انہیں ٹی آر ایس امیدوار بی ملیا یادو کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی 2018 ء میں حضور نگر اسمبلی حلقہ سے منتخب ہوئے ۔ 2019 ء لوک سبھا انتخابات میں انہوں نے نلگنڈہ لوک سبھا حلقہ سے مقابلہ کردے ہوئے کامیابی حاصل کی جس کے انہوں نے اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ۔ الیکشن کمیشن نے 21 اکتوبر کو حضور نگر ضمنی چناؤ کے لئے رائے دہی مقرر کی ہے۔ برسر اقتدار ٹی آر ایس نے سی ایچ سیدی ریڈی کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔ جو 2018 ء میں اسی حلقہ سے اتم کمار ریڈی کے ہاتھوں شکست کھا چکے تھے۔ حضور نگر اسمبلی حلقہ سے بی جے پی نے بھی اپنے امیدوار کا اعلان کیا ہے۔ اس طرح اس حلقہ میں مقابلہ دلچسپب ہونے کے امکانات ہیں۔ پدماوتی ریڈی کو ضلع کے تمام کانگریس قائدین کی مکمل تائید حاصل ہے ۔ بھونگیر کے رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور سابق قائدین اپوزیشن کے جانا ریڈی نے پدماوتی ریڈی کی تائید کا اعلان کیا ہے۔