‘پدما’ اسکیم دیہی نوجوانوں کیلئے سنگ میل ثابت ہوگی:دشینت چوٹالہ

   

Ferty9 Clinic

چنڈی گڑھ: ہریانہ کے نائب وزیر اعلیٰ دشینت چوٹالہ نے کہا ہے کہ ‘‘پدما’ اسکیم دیہی خطے کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگی، جس سے لاکھوں نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور پنچایتوں کی آمدنی میں اضافہ ہوگا۔مسٹر چوٹالہ نے آج یہاں پدم اسکیم کے جائزہ کے سلسلے میں عہدیداروں کے ساتھ میٹنگ کے بعد کہا کہ ریاستی حکومت مرکز کی ‘پدم’ اسکیم کو آگے بڑھاتے ہوئے اس پر تیزی سے کام کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں مائیکرو،ا سمال اور میڈیم انٹرپرائزز (ایم ایس ایم ای) کو فروغ دینے کے لیے ایک ‘لینڈ پول پالیسی تیار کی جا رہی ہے ، جس کا مسودہ تیار کر لیا گیا ہے اور اسے جلد ہی حتمی شکل دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ لینڈ پولنگ کے تحت ہر بلاک میں تقریباً پچاس ایکڑ اراضی حاصل کی جائے گی۔ ریاستی حکومت نے بلاک کی بنیاد پر کچھ مصنوعات کاتعین کیا ہے ، جن کی برآمد کو یقینی بنانے میں حکومت مدد کرے گی۔نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس طرح کی معیاری مصنوعات ریاست کے کئی دیہاتوں میں ہنر مند لوگ تیار کرتے ہیں، جن کی قومی اور بین الاقوامی سطح پر اچھی قیمت مل سکتی ہے ، لیکن علم کی کمی کی وجہ سے انہیں مقامی سطح پر کم قیمت پر فروخت کرنا پڑتا ہے ۔