پدما شری ایوارڈ ایک بہت بڑا اعزاز: رانی رام پال

   

ہندوستانی خواتین ہاکی کپتان کو کرن رجیجو اور ہاکی انڈیا کی جانب سے مبارکباد

نئی دہلی 26 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کی خواتین ہاکی ٹیم کی کتپان رانی رام پال نے آج کہا کہ باوقار پدما شری ایوارڈ کیلئے انہیں نامزد کیا جانا ان کیلئے ایک بہت بڑا اعزاز ہے ۔ حکومت نے رانی رام پال کا نام ملک کے چوتھے اعلی ترین سیولین ایوارڈ کیلئے منتخب کیا ہے ۔ رانی رام پال ان آٹھ اسپورٹس شخصیتوں میںشامل ہے جنہیں پدما ایوارڈز کیلئے نامزد کیا گیا ہے ۔ یہ نامزدگی ملک کے 71 ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر عمل میں آئی ہے ۔ رانی ان چھ اتھیلیٹس میں شامل ہے جنہیں پدما شری سے سرفراز کیا جائیگا ۔ 25 سالہ رانی نے اپنے رد عمل میں کہا کہ اس ایوارڈ کا حاصل کرنا ان کیلئے ایک بہت بڑا اعزاز ہے ۔ وہ یہ ایوارڈ اپنی ساری ٹیم اور اپنے ساتھی عملہ کے نام معنون کرتی ہیں۔ وہ اس ایوارڈ کیلئے کرن رجیجو اور ہاکی انڈیا اور کوچ بلدیو سنگھ ‘ افراد خاندان ‘ دوست احباب اور پرستاروں کا شکریہ ادا کرتی ہیں۔ رانی رامپال نے ہندوستان کیلئے 200 سے زیادہ میچس کھیلے ہیں اور حال ہی میں انہوں نے ٹیم کو ٹوکیو اولمپکس میں جگہ حاصل کرنے میں اہم رول ادا کیا ہے ۔ کوالیفائنگ میچ میں ہندوستان نے امریکہ کے خلاف کامیابی حاصل کرتے ہوئے یہ مقام حاصل کیا تھا ۔ بعد ازاں ہاکی انڈیا کی جانب سے ایک پریس نوٹ جار کرتے ہوئے رانی رامپال نے کہا کہ یہ ایک بہت بڑا اعزاز ہے ۔ اس کے ذیرعہ ملک میں خواتین کی ہاکی کو مسلمہ حیثیت دی گئی ہے ۔ ہم نے اس کھیل میں ایک طویل سفر طئے کیا ہے ۔ انہیں یقین ہے کہ ٹیم انڈیا اور بھی شاندار نتائج حاصل کرسکتی ہے ۔ اپنے ٹوئیٹ میں کرن رجیجو نے رانی رامپال کو اس اعزاز کیلئے مبارکباد پیش کی ہے اور کہا کہ وہ ملک کی نوجوان نسل کیلئے جذبہ پیدا کرنے کا باعث ہیں۔ ان کی کوششوں نے ہندوستانی ہاکی کو ایک نئی سطح پر پہونچا دیا ہے ۔ انہیں رانی رامپال کی کامیابیوں پر فخر ہے ۔ ہاکی انڈیا نے بھی رانی کو مبارکباد دی ہے ۔ ہاکی انڈیا کے صدر محمد مشتاق احمد نے کہا کہ ایک مشکل پس منظر سے تعلق رکھنے کے باوجود رانی رامپال ہندوستانی خواتین کیلئے امید کی کرن بن گئی ہیں جو اپنے طور پر کچھ کامیابیاں حاصل کرنا چاہتی ہیں لیکن انہیں مشکلات کا سامنا ہے ۔ ایسے لوگوں کیلئے رانی رامپال نے ایک مثال قائم کی ہے کہ جہد مسلسل سے کوئی بھی کامیاب حاصل کرنا دشوار نہیں رہتا ۔ رانی رامپال نے 2008 میں اولمپک کوالیفائنگ مقابلوں سے اپنے کیرئیر کا آغاز کیا تھا ۔