نئی دہلی، 15 جولائی (یو این آئی) یوم جمہوریہ، 2026 پر اعلان کیے جانے والے پدم ایوارڈز-2026 کے لیے آن لائن نامزدگی/سفارشات 15 مارچ 2025 سے شروع ہو گئی ہیں۔ پدم ایوارڈز کے لیے نامزدگیوں کی آخری تاریخ 31 جولائی 2025 ہے ۔ پدم ایوارڈز کیلئے نامزدگی/ سفارشات راشٹریہ پرسکار پورٹل پر آن لائن https://awards.gov.in موصول ہوں گی۔پدم ایوارڈز، یعنی پدم وبھوشن، پدم بھوشن اور پدم شری ملک کے اعلیٰ ترین شہری اعزازات میں سے ہیں۔ سال 1954 میں قائم کیے گئے ان ایوارڈز کا اعلان ہر سال یوم جمہوریہ کے موقع پر کیا جاتا ہے ۔ ان انعامات کے تحت غیر معمولی کاموں کے لئے اعزاز سے نوازا جاتا ہے ۔
پدم ایوارڈز تمام شعبوں/موضوعات جیسے فن، ادب اور تعلیم، کھیل، طب، سماجی خدمت، سائنس اور انجینئرنگ، پبلک ورکس، سول سروسز، کاروبار اور صنعت وغیرہ میں ممتاز اور غیر معمولی کامیابیوں/خدمت کے لیے دیئے جاتے ہیں۔