دھرمیندر، وی ایس اچوتھنندن کو پدم وبھوشن، الکا یاگنک، مموٹی اور
وجے امرت راج سمیت متعدد شخصیات کواعزاز
نئی دہلی۔ 25 جنوری (ایجنسیز) مرکزی حکومت نے اتوار کے روز پدم ایوارڈز 2026 کی فہرست کا اعلان کیا، جو ملک کے اعلیٰ ترین شہری اعزازات میں شمار ہوتے ہیں۔ یہ اعزازات تین زمروں پدم وبھوشن، پدم بھوشن اور پدم شری میں مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو دیے جاتے ہیں۔ ان شعبوں میں فنونِ لطیفہ، سماجی خدمات، عوامی امور، سائنس و انجینئرنگ، تجارت و صنعت، طب، ادب و تعلیم، کھیل، سول سروس سمیت دیگر میدان شامل ہیں۔اس سال کے پدم وبھوشن اعزاز (بعد از وفات) معروف اداکار دھرمیندر اور کیرالا کے سابق وزیر اعلیٰ وی ایس اچوتھنندن کو دیا گیا ہے۔ پدم بھوشن حاصل کرنے والوں میں (بعد از وفات) شیبو سورین (بانی جھارکھنڈ مکتی مورچہ اور سابق وزیر اعلیٰ جھارکھنڈ) اور بی جے پی رہنما وی کے ملہوترا شامل ہیں، جبکہ دیگر نمایاں ناموں میں معروف گلوکارہ الکا یاگنک، ٹینس کے عظیم کھلاڑی وجے امرت راج، ملیالم سنیما کے سوپر اسٹار مموٹی اور صنعتکار اْدی کوٹک شامل ہیں۔پدم شری اعزاز پانے والوں میں ویمن انڈین کرکٹ ٹیم کی کپتان ہرمین پریت کور، کرکٹر روہت شرما، اداکار آر مادھون اور ٹالی ووڈ اسٹار پروسنجیت چٹرجی شامل ہیں۔ صدر جمہوریہ نے 2026 کیلئے مجموعی طور پر 131 پدم ایوارڈز کی منظوری دی ہے، جن میں دو جوڑی (ڈیو) کیسز شامل ہیں (جہاں جوڑی کو ایک ایوارڈ شمار کیا جاتا ہے)۔اس فہرست میں 5 پدم وبھوشن، 13 پدم بھوشن اور 113 پدم شری ایوارڈز شامل ہیں۔ ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں 19 خواتین شامل ہیں، جبکہ 6 غیر ملکی / این آر آئی / پی آئی او / او سی آئی شخصیات کو بھی اعزاز دیا گیا ہے۔ مجموعی طور پر 16 اعزازات بعد از وفات دیے گئے ہیں۔