مرحوم مزاح نگار کو مظلوم اقلیت بھول نہیں پائے گی
سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب سید افتخار حسین کا تعزیتی بیان
حیدرآباد ۔ 28 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ملک کے ممتاز مزاح نگار پدم شری مجتبیٰ حسین کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین نے کہا جناب مجتبیٰ حسین اپنے آپ میں ایک انجمن تھے ۔ مشکل سے مشکل بات بھی وہ بڑی آسانی سے کہہ جاتے ۔ طنز و مزاح سے بھر پور ان کی تحریروں میں ایسا محسوس ہوتا کہ ہر لفظ میں ایک پیام پوشیدہ ہو تب ہی تو ان کے مضامین کسی کی دل آزاری کا باعث نہیں بنتے ۔ جناب افتخار حسین کے مطابق مجتبیٰ حسین نے طنز و مزاح کے شعبہ میں عالم اردو میں حیدرآباد کی غیر معمولی نمائندگی کی ۔ ان کی شخصیت کا ہی اثر تھا کہ جب تک وہ دہلی میں رہے دہلی والوں نے انہیں اپنا سمجھا ملک کے ہر حصہ میں لوگ مجتبیٰ حسین کو اپنا قرار دیتے تھے ۔ ان کے بے شمار مضامین پڑھنے کا موقع ملا جس میں ان کا منفرد انداز پڑھنے والوں کو یعنی قارئین کو باندھے رکھتا ۔ جناب افتخار حسین نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے پدم شری مجتبیٰ حسین کے پسماندگان سے اظہار تعزیت بھی کیا اور ان کے انتقال پر ملال کو اپنے شخصی نقصان سے تعبیر کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں بے شمار اعزازات سے نوازا گیا ۔ لیکن اپنی زندگی کے آخری ایام میں انہیں اس وقت محب وطن ہندوستانیوں کی محبت کی شکل میں سب سے بڑا اعزاز حاصل ہوا جب مجتبیٰ حسین نے اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں اور دلتوں پر مظالم کے انسداد میں مودی حکومت کی ناکامی پر بطور احتجاج پدم شری ایوارڈ واپس کرنے کا ببانگ دہل اعلان کیا ۔ جناب افتخار حسین کے مطابق مجتبیٰ حسین کا روزنامہ سیاست سے گہرا تعلق تھا جو آخری وقت تک برقرار رہا ۔ بہر حال انہوں نے بارگاہ رب العزت میں مرحوم کی مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ۔۔