پرائمری اردو اسکول اولہ میں سرپنچ کے ہاتھوں یونیفارم کی تقسیم

   

بھینسہ : بھینسہ ڈویژن کے موضع اولہ میں منڈل پریشد پرائمری اردو اسکول میں سرپنچ کنیز فاطمہ کے ہاتھوں طلبا میں یونیفارم کی تقسیم عمل میں آئی۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے سرپنچ کنیز فاطمہ نے کہاکہ ریاستی حکومت غریب بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ نصابی درسی کتب اور یونیفارم مفت فراہم کررہی ہے ، اس کے علاوہ دوپہر کا کھانا بھی فراہم کررہی ہے۔ حکومت نے جاریہ سال سے سرکاری مدارس میں اردو اور تلگو کے ساتھ ساتھ انگلش میڈیم بھی شروع کیا۔ انھوں نے مزید کہاکہ حکومت کی جانب سے ریسیڈنشیل اسکولس اور کالجس کا بھی قیام عمل میں لاتے ہوئے معیاری تعلیم فراہم کی جارہی ہے۔ سرپنچ کنیز فاطمہ نے عوام سے اپنے بچوں کو سرکاری مدارس میں داخلہ دلوانے کی خواہش کی۔ وہیں دوسری جانب صدر مدرس ساجد معراج نے کہاکہ جاریہ سال طلبا کو اردو، انگلش دوہری پرنٹ کی نصابی درسی کتب فراہم کئے گئے ہیں۔انھوں نے عوام سے اپنے بچوں کو سرکاری مدارس میں داخلہ دلوا کر حکومت کی جانب فراہم کی جانے والی سہولیات سے استفادہ کرنے کی خواہش کی۔ اس تقریب میں ویلج ڈیولپمنٹ کمیٹی کے چیئرمین رگھورام، وائس چیئرمین یونس اور اسکول مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین شیخ نظیر احمد اور گرام پنچایت سیکرٹری اکشے، معلمین شبانہ، مہرالنسا اور عائشہ نے شرکت کی۔