نظام آباد۔24 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹر ٹی ونئے کرشنا ریڈی نے سرکنڈہ منڈل کا اچانک معائنوں کی مہم انجام دی۔ اس دوران انہوں نے پرائمری ہیلتھ سنٹر، سرکاری اسکولوں، تحصیلدار دفتر، پی اے سی ایس کھاد گودام کے علاوہ اندرامّا اور ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیراتی صورتحال کا میدان میں جائزہ لیا۔ کلکٹر نے سب سے پہلے پرائمری ہیلتھ سنٹر کا معائنہ کرتے ہوئے حاضری رجسٹر کا مشاہدہ کیا اور عملے کی موجودگی کی تصدیق کی۔ بعد ازاں ضلع پریشد ہائی اسکول اور پرائمری اسکولوں کا دورہ کرتے ہوئے کلکٹر ونئے کرشنا ریڈی نے دوپہر کے کھانے کا معیار جانچا اور مینو کے مطابق اشیاء کی فراہمی کی جانچ کی۔ کلکٹر نے اسکول میں طلباء کی غیر حاضری پر بھی توجہ دی اور کہا کہ ایسے طلباء کی نشاندہی کر کے انہیں باقاعدگی سے کلاسز میں لانے کی تدابیر اختیار کی جائیں۔ انہوں نے ہیڈ ماسٹرز سے کہا کہ دستیاب وسائل کا مؤثر استعمال کرتے ہوئے اسکولوں کی کارکردگی کو بہتر بنایا جائے۔ طلباء کے شناختی کارڈز اور کھیلوں کے ملبوسات کی فراہمی پر کلکٹر نے دیہی ترقیاتی کمیٹی کے تعاون کی ستائش کی۔بعد ازاں تحصیلدار دفتر کا معائنہ کرتے ہوئے کلکٹر نے زمین سے متعلق درخواستوں (بھوبھارتی) کے حل پر تبادلہ خیال کیا ۔کلکٹر نے راشن کارڈز اور ناموں کے اندراج کی درخواستوں کی عاجلانہ یکسوئی، اور LRS فیس ادا کرنے والے افراد کو فوری طور پر حکومت کی طرف سے احکامات کی اجرائی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی۔انہوں نے ڈبل بیڈ روم مکانات کے پراجکٹ کا بھی مشاہدہ کیا اور ایم پی ڈی او منوہر ریڈی کو ہدایت دی کہ مستحق افراد میں ان مکانات کی تقسیم عمل میں لائی جائے۔اس معائنہ مہم کے دوران مقامی سرکاری عہدیداران کلکٹر کے ہمراہ موجود تھے۔