پرائمری ہیلت سنٹرس میں کورونا علاج کے انتظامات کی ہدایت

   

وزیر برقی جگدیش ریڈی کا جائزہ اجلاس، احتیاطی تدابیر سے بچاؤ ممکن
حیدرآباد۔/19 جنوری، ( سیاست نیوز) وزیر برقی جگدیش ریڈی نے کہا کہ کورونا کیسس پر قابو پانے کیلئے حکومت سنجیدگی سے اقدامات کررہی ہے۔ ہر پرائمری ہیلت سنٹر میں علاج کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ ریاست میں پہلے مرحلہ میں 99.83 فیصد ٹیکہ اندازی کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ دوسری خوراک کی ٹیکہ اندازی 70 فیصد تک مکمل ہوچکی ہے۔ 15 تا 17 سال عمر کے بچوں کو ٹیکہ اندازی مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔ وزیر برقی نے سوریا پیٹ ضلع کے عوامی نمائندوں، ضلع کلکٹر و دیگر عہدیداروں کے ساتھ کورونا کی صورتحال پر جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے کہا کہ دیگر ریاستوں کے مقابلہ تلنگانہ میں کورونا کی صورتحال قابو میں ہے اور عہدیداروں کو پرائمری ہیلت سنٹرس میں علاج کی سہولتیں فراہم کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ 15 تا 17 سال عمر کے بچوں کی ٹیکہ اندازی کے تحت 61.42 فیصد بچوں کا احاطہ کیا گیا۔ 60 سال سے زائد عمر کے افراد اور ہیلت ورکرس کو بوسٹر ڈوز کیلئے انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اومی کرون سے بچاؤ کیلئے عوام کو احتیاطی تدابیر کے طور پر ماسک کا لازمی طور پر استعمال کرنا چاہیئے۔ اس کے ساتھ سماجی دوری اومی کرون سے بچاؤ میں مدد گار ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ ضلع میں 614 کورونا کیسس حالیہ دنوں میں منظر عام پر آئے ہیں لیکن ہاسپٹل میں شریک ہونے والے مریضوں کی تعداد کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری دواخانوں میں آکسیجن سے مربوط بستروں کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے۔ آکسیجن کی قلت سے نمٹنے کیلئے تمام تیاریاں کرلی گئی ہیں۔ضلع ہاسپٹلس کے علاوہ ایریا ہاسپٹلس میں کورونا کے علاج کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ ٹسٹوں کیلئے کٹس اور آئسولیشن کٹس وافر مقدار میں دستیاب ہیں۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ دواخانوں میں بنیادی سہولتوں کو مزید بہتر بنانے پر توجہ دیں۔ر