پرائمری ہیلت سنٹرس ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہاسپٹلس میں تبدیل

   

نیشنل ہیلت مشن اسکیم سے ترقی، حکومت تلنگانہ کا فیصلہ
حیدرآباد ۔ 28 ڈسمبر (سیاست نیوز) ریاستی حکومت تلنگانہ نے نئے اضلاع میں 9 مقامات پر پائے جانے والے ایریا ہاسپٹلس و پرائمری ہیلت سنٹرس کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہاسپٹل کے طور پر ترقی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ نرمل، نارائن پیٹ، جوگولامبا گدوال، نرسم پیٹ، راجنا سرسلہ، محبوب آباد، آصف آباد، بھوپال پلی اور ملگ اضلاع میں ہاسپٹل کو ہیڈکوارٹر ہاسپٹل کے طور پر ترقی دینے کے کاموں کا آغاز کیا جائے گا۔ نیشنل ہیلت مشن کے تحت حاصل ہونے والی رقومات کے ذریعہ مذکورہ اضلاع کے ایریا ہاسپٹلس کو اپ گریڈ کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں اور اس سلسلہ میں ریاستی حکومت کی جانب سے 576 کروڑ روپیوں پر مشتمل منصوبہ جات مرتب کرکے روانہ کئے گئے تھے جن کے منجملہ اب تک ہی 214 کروڑ روپیوں سے متعلق منصوبوں کو اجازت (منظوریاں) حاصل ہوچکی ہے۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ ایریا ہاسپٹل کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہاسپٹل میں تبدیل کرنے کیلئے کم از کم 250 بیڈز (بستر) مرکز تحفظ اطفال (ماتا شیشو پروٹیکشن سنٹر) کا ہونا ضروری ہوتا ہے۔ علاوہ ازیں ہاسپٹلس میں اسپیشلٹس ڈاکٹروں کی خدمات فراہم کرنا بہت ضروری ہوتا ہے اور تمام امراض کے علاج کی سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مریضوں کو مؤثر طبی سہولت کی فراہمی بھی شامل ہوتی ہے۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ مرحلہ واری اساس پر نئے اضلاع میں ہیڈکوارٹرس ہاسپٹل قائم کئے جانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔