راجیہ سبھا میں ایم اے خان کی شکایت، زائد رقومات کی وصولی روکنے کا مطالبہ
حیدرآباد 6 فروری (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن راجیہ سبھا ایم اے خان نے پرائیوٹ ٹور آپریٹرس کی جانب سے عازمین حج کے استحصال کے خلاف راجیہ سبھا میں آواز اُٹھائی۔ راجیہ سبھا میں وقفہ صفر کے دوران ایم اے خان نے کہاکہ خانگی ٹور آپریٹرس عازمین حج سے بھاری رقومات وصول کررہے ہیں۔ اُنھوں نے خانگی ٹور آپریٹرس کی سرگرمیوں پر روک لگانے یا پھر اُنھیں الاٹ کئے جانے والے کوٹے کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔ ایم اے خان نے کہاکہ مرکزی حکومت اور وزیر اقلیتی بہبود کو اِس جانب فوری توجہ دینی چاہئے۔ ہندوستان کے لئے جو حج کوٹہ الاٹ کیا جاتا ہے اُس میں سے کچھ حصہ خانگی ٹور آپریٹرس میں تقسیم ہوتا ہے۔ اُنھوں نے افسوس کا اظہار کیاکہ مرکزی حکومت اور وزارت اقلیتی اُمور عازمین حج کو کم خرچ پر فریضہ حج کی ادائیگی کا دعویٰ کرتے ہیں لیکن پرائیوٹ آپریٹرس اِس کوٹہ کا غلط استعمال کررہے ہیں۔ حکومت ہند کی جانب سے طے کئے گئے حج اخراجات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھاری رقومات وصول کی جارہی ہیں۔ اُنھوں نے شکایت کی کہ بعض آپریٹرس اپنی متعلقہ ریاستوں کے بجائے دیگر ریاستوں کے آپریٹرس کو زائد قیمت پر اپنا کوٹہ فروخت کررہے ہیں۔ ایم اے خان نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ وہ پرائیوٹ ٹور آپریٹرس کی سرگرمیوں پر نظر رکھے اور حج کمیٹی کے مقررہ شرحوں پر روانگی کو یقینی بنائے۔ جو آپریٹرس زائد رقومات وصول کرتے ہیں اُن پر پابندی عائد کی جائے یا پھر اُن کے کوٹہ کو منسوخ کیا جائے۔ حج مقدس فریضہ ہے لیکن آپریٹرس مقدس فریضہ کی آڑ میں عازمین کا استحصال کررہے ہیں۔