پرائیوٹ گاڑیوں پر ڈائیل 100 درج کرنے محکمہ ٹرانسپورٹ کی ہدایت

   

حیدرآباد 3 ڈسمبر (سیاست نیوز) ضلع رنگاریڈی میں خاتون وٹرنری ڈاکٹر کے دردناک قتل واقعہ کے پیش نظر محکمہ ٹرانسپورٹ کے عہدیداروں نے عوام میں بیداری پیدا کرنے کے لئے خصوصی اقدامات کئے اور ان اقدامات کے ایک حصہ کے طور پر حیدرآباد سٹی حدود میں پائے جانے والے آر ٹی اے دفاتر کے عہدیداروں نے پرائیوٹ گاڑیوں کو سامنے اور پیچھے کے حصوں پر ڈائیل 100 نمبر تحریر کروائے تاکہ کسی بھی وقت کوئی مشکل صورتحال کی صورت میں فوری طور پر ضرورت مند افراد 100 نمبر ڈائیل کرکے پولیس کو مطلع کرسکیں۔ جوائنٹ ٹرانسپورٹ کمشنر حیدرآباد ڈسٹرکٹ پانڈو رنگا نائیک نے کہاکہ عوام کو ڈائیل 100 نمبر سے واقف کروانے کے لئے یہ اقدامات کئے گئے۔ خیریت آباد، سکندرآباد، ملک پیٹ، مہدی پٹنم، بنڈلہ گوڑہ آر ٹی اے دفاتر کو آنے والے تمام پرائیوٹ گاڑیوں کو سامنے اور پیچھے کے حصوں پر واضح طور پر دکھائی دینے جیسا ڈائیل 100 نمبر تحریر کروایا جارہا ہے۔