پرائیویٹ اسکولس اساتذہ کی احتجاجی ریلی

   

ریاست بھر میں اسکولس کو بند کرنے کے فیصلے پر شدید برہمی
حیدرآباد۔ کورونا وبا کی روک تھام کیلئے اسکولس کو بند کرنے کے خلاف پرائیویٹ اسکولس مالکین اور اساتذہ نے رنگاریڈی کے شمس آباد میں احتجاج کیاجنہوں نے الزام لگایا کہ شراب خانوں،شاپنگ مالس اورسنیما گھروں کو بند نہیں کیاگیا ہے اور صرف اسکولس کو ہی کورونا پھیلنے کا خدشہ ظاہر کرکے بند کیاگیا جو نامناسب ہے ۔اسکولس کے مالکین اور اساتذہ نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈس تھام کرحکومت کے خلاف نعرے بازی کی اور اسکولس کو دوبارہ کھولنے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے خانگی اسکولس کے اساتذہ کا تعاون کرنے حکومت سے مطالبہ کیا۔آربی نگر سے شمس آباد تک یہ احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں بڑی تعداد میں اساتذہ اوراسکولس کے مالکین نے حصہ لیتے ہوئے فیصلے کی مذمت کی ۔ ریلی کے شرکا سیاہ بیاچس لگائے ہوئے تھے ۔بعد ازاں ان احتجاجیوں نے علامتی طورپر دستور ہند کے معمار بی آرامبیڈکر کے مجسمہ کو میمورنڈم حوالے کیا۔انہوں نے کہاکہ ایک سال سے اسکولس بند ہیں جس کی وجہ سے ان کومشکلات کا سامنا ہے اور حکومت کسی بھی قسم کی مالی مدد نہیں کررہی ہے ۔انہوں نے برہمی ظاہرکرتے ہوئے کہاکہ تعلیمی ادارے بند کردیئے گئے ہیں جو شدید ناانصافی ہے ۔انہوں نے کہاکہ چیف منسٹر کے سی آر جلد تعلیمی اداروں کو کھولنے کا فیصلہ کریں ورنہ خانگی اساتذہ احتجاج میں شدت پیدا کرینگے ۔