پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے تدریسی اسٹاف اور ملازمین کو مالی مدد فراہم کی جائے :تلنگانہ بی جے پی

   

حیدرآباد3مئی (یواین آئی)بی جے پی تلنگانہ یونٹ نے حکومت پر زور دیا کہ وہ پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے تدریسی اسٹاف اور ملازمین کو مالی مدد فراہم کرے ۔چیف سکریٹری سومیش کمار کولکھے گئے مکتوب جس کی نقل میڈیا کے لئے جاری کی گئی میں تلنگانہ قانون ساز کونسل میں بی جے پی کے فلور لیڈر رامچندرراو نے کہا کہ پرائیویٹ تعلیمی اداروں بشمول کارپوریٹ کالجس کے اسٹاف لاک ڈاون کے بعد مالی مسائل کا سامنا کررہے ہیں کیونکہ ان کو دو ماہ سے تنخواہیں ادانہیں کی گئی۔پانچ لاکھ سے زائد ملازمین پرائیویٹ اسکولس اور کالجس میں کئی برسوں سے خدمات انجام دے رہے ہیں اور وہ ذریعہ معاش کے لئے ان تنخواہوں پر منحصر ہیں۔تدریسی اسٹاف اور دیگر اسٹاف کو یہ امید ہے کہ حکومت آگے آتے ہوئے ان کی مدد کرے گی کیونکہ اپنی خاندانی ضروریات کی تکمیل کے لئے ان کی پاس تدریس کے سوا کوئی دوسرا ذریعہ نہیں ہے ۔اگرچہ کہ ریاستی حکومت نے بعض اقدامات عوام الناس کے لئے کئے ہیں جو لاک ڈاون کی وجہ سے مسائل کا سامناکررہے ہیں تاہم حکومت ان پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے ملازمین کی مشکلات کے بارے میں غور نہیں کررہی ہے۔مسٹر راؤ نے کہامیں پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے نظر انداز کردہ ملازمین کی مدد کے لئے ریاستی حکومت کے علم میں اس مسئلہ کو لانا چاہتا ہوں تاکہ ان اداروں کے انتظامیہ کو ہدایت دی جائے کہ ان کی زیرالتوا تنخواہوں کو جاری کرنے کے انتظام کروائے جائیں۔بی جے پی لیڈر نے اپنے مکتوب میں کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ ان خاندانوں کے لئے مالی امداد کا انسانی بنیادوں پر اعلان کرے تاکہ اس اہم مرحلہ میں ان خاندانوں کے مسائل میں کمی ہوسکے ۔