نئی دہلی، 25 مارچ (یو این آئی) مہلک وائرس کورونا کی وجہ ملک بھر میں مکمل پابندی کے پیش نظر مرکزی وزارت داخلہ نے پرائیویٹ سیکورٹی ایجنسیوں سے گارڈوں کی تنخواہ میں کسی بھی طرح کی کمی نہ کرنے کی تلقین کی ہے ۔وزارت داخلہ کی جانب سے پرائویٹ سیکورٹی ایجنسیوں کی یونین اور ان سے متعلقہ تنظیموں کو خط لکھ کر کہا ہے کہ کورونا کی وجہ سے ملک بھر میں 21 دن کا لاک ڈاؤن نافذ ہوگیا ہے جس کی وجہ سے بڑے ادارے ، مال اور دیگر ادارے بھی بند کئے گئے ہیں ایسے میں ان میں تعینات سیکورٹی گارڈوں کو گھروں پر ہی رہنے کے لئے کہا گیا ہے ۔وزارت نے کہا ہے کہ پرائیویٹ سیکورٹی انڈسٹری کو بحران کی اس گھڑی میں انسانی نقطہ نظر اختیار کرنا ہوگا اور اس کے ملازمین اور دیگر عملے کی نوکری برقرار رکھنی ہوگی۔ وزارت نے کہا ہے کہ ان گارڈوں کو ڈیوٹی پر سمجھا جانا چاہئے اور انہیں تنخواہ دی جانی چاہئے ۔قابل ذکر ہے کہ کورونا کے بڑھتے قہر کے پیش نظر ملک بھر میں 21 دن کا مکمل لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے اور لوگوں سے گھروں میں ہی رہنے کو کہا گیا ہے ۔