محکمہ آبپاشی میں رخصت منسوخ، عہدیداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس، ذخائر آب کو کسی بھی نقصان سے بچانے کا مشورہ
حیدرآباد ۔ 13 ۔ اگست (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے تلنگانہ میں موسلادھار بارش کے اندیشہ کے تحت تمام آبپاشی پراجکٹس پر 24 گھنٹے چوکسی کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ اتم کمار ریڈی نے اعلیٰ سطحی اجلاس اور ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ محکمہ آبپاشی کے عہدیداروں کو آبپاشی پراجکٹس پر گہری نظر رکھنے کا مشورہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ آبپاشی ڈپارٹمنٹ کے تمام عہدیدار کو اپنے ہیڈکوارٹر پر موجود رہتے ہوئے تمام ذخائر آب،کنالوں ، تالابوں اور آبپاشی پراجکٹس کی سطح پر نظر رکھنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ موسلادھار بارش کے نتیجہ میں پانی کے تیز بہاؤ سے پراجکٹس کو نقصان کا اندیشہ رہتا ہے ، لہذا کسی طرح کے امکانی شگاف سے بچنے کیلئے عہدیداروں کو چوکس رہنا چاہئے ۔ اتم کمار ریڈی نے اعلیٰ عہدیداروں کو اس بات کا اختیار دیا کہ وہ سیلاب سے متعلق کاموں کی تکمیل کیلئے ضروری قواعد کی پرواہ کئے بغیر ہی مرمتی کام انجام دیں۔ انہوں نے آئندہ 72 گھنٹوں تک اعلیٰ عہدیداروں کو تمام پراجکٹس پر دستیاب رہنے کا مشورہ دیا تاکہ پانی کی سطح اور پانی کی نکاسی پر نظر رکھی جاسکے۔ اتم کمار ریڈی نے محکمہ کے انجنیئر انچیف ، سپرنٹنڈنگ انجنیئرس، چیف انجنیئرس ، اگزیکیٹیو انجنیئرس اور ڈپٹی اگزیکیٹیو انجنیئرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کی ۔ پرنسپل سکریٹری آبپاشی راہول بوجا ، اسپیشل سکریٹری پرشانت پاٹل اور دیگر عہدیدار موجود تھے ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے بعد ضلع کلکٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس میں آئندہ 72 گھنٹوں تک چوکسی کی ہدایت دی تھی۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ بھدرادری ، کتہ گوڑم ، بھوپال پلی ، کھمم ، میدک ، ملکاجگری ، ملگ ، سنگا ریڈی ، سوریا پیٹ ، وقار آباد اور بھونگیر میں آئندہ 24 گھنٹوں تک موسلادھار سے زیادہ تیز بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے اور ریاست کے بیشتر علاقوں میں 72 گھنٹوں تک بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کسی بھی عہدیدار کو رخصت منظور نہیں کی جائے گی اور اس مدت کے دوران ہر کسی کو 24 گھنٹے دستیاب رہنا ہوگا۔ تالابوں یا ذخائر آب میں کسی بھی خرابی کی صورت میں فوری طور پر ضلع کلکٹر اور چیف انجنیئر کو اطلاع دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ریونیو اور پولیس ڈپارٹمنٹ سے اشتراک کرتے ہوئے پراجکٹس کے اطراف کے علاقوں میں پٹرولنگ کا اہتمام کیا جائے تاکہ پانی کے بہاؤ میں اضافہ سے آبادیوں کو نقصان نہ پہنچے۔ وزیر آبپاشی نے ضلع واری سطح پر پراجکٹس میں پانی کی سطح کا جائزہ لیا جن میں ناگرجنا ساگر ، جورالا ، کڈم اور دیگر ذخائر آب شامل ہیں۔ 1