شہر اور اضلاع میں پولیس کی کارروائی، اتم کمار ریڈی بھی گھر پر نظر بند
حیدرآباد۔/13جون، ( سیاست نیوز) پولیس نے آج پھر ایک مرتبہ کانگریس قائدین کو گرفتار یا پھر مکانات پر نظربند رکھتے ہوئے دریائے گوداوری پر تعمیر کردہ پراجکٹس کے معائنہ سے روک دیا۔ پردیش کانگریس کمیٹی نے گوداوری پر کانگریس دور حکومت میں تعمیر کردہ پراجکٹس کے معائنہ کا اعلان کیا تھا اور مختلف قائدین الگ الگ پراجکٹ کا معائنہ کرنے والے تھے۔ کل رات سے ہی پولیس کانگریس قائدین کے مکانات کے پاس متعین کردی گئی اور انہیں گھروں سے نکلنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ جو قائدین جبراً گھر سے باہر نکل چکے تھے انہیں گرفتار کرلیا گیا۔ گرفتاریوں کا آغاز کل رات دیر گئے اس وقت ہوا جب کوتہ گوڑم کے یلندو میں پولیس نے سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ اور سابق رکن کونسل راملو نائیک کو اس وقت حراست میں لے لیا جب وہ دوموگوڑم پراجکٹ کیلئے روانہ ہوئے تھے۔ پولیس سے بچ کر یہ لوگ حیدرآباد سے روانہ ہوئے لیکن یلندو میں حراست میں لے لیا گیا۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا، رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی، ارکان اسمبلی سریدھر بابو، سیتکا، جگا ریڈی، رکن کونسل جیون ریڈی، سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر، پردیش کانگریس کے قائدین سمپت کمار، کسم کمار، ومشی چند ریڈی، پونم پربھاکر اور دیگر قائدین کو حیدرآباد اور اضلاع میں مکانات پر نظربند کردیا گیا۔ قائدین نے کہا کہ وہ تحدیدات کی پابندی کے ساتھ معائنہ کرنا چاہتے ہیں لیکن انہیں اجازت نہیں دی گئی۔ اتم کمار ریڈی نے ڈائرکٹر جنرل پولیس سے ربط قائم کرنے کی کوشش کی لیکن فون پر بات نہیں ہوئی۔ دوپہر تک کانگریس قائدین مکانات پر نظربند رہے جبکہ گرفتار کئے گئے قائدین کو شام میں رہا کیاگیا۔
