پراجکٹس کی تکمیل کیلئے اراضی کے حصول اور بازآبادکاری پر توجہ دی جائے

   

عہدیداروں کو اتم کمار ریڈی کی ہدایت، پالمور، رنگاریڈی اور سیتارام پراجکٹس اولین ترجیح، مانسون میں ذخائر آب کی سطح پر نظر رکھیں
حیدرآباد۔ 12 جولائی (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ زیر التواء اور زیر تکمیل آبپاشی پراجکٹس کی عاجلانہ تکمیل کے لئے اراضی کے حصول اور متاثرین کو معاوضہ کی ادائیگی کا عمل تیزی سے مکمل کریں۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ پراجکٹس کی تکمیل میں تاخیر کا سبب بننے والے امور کی یکسوئی کرے۔ اتم کمار ریڈی نے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر سکریٹریٹ میں اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے ضلع واری سطح پر مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں میں بہتر تال میل پر زور دیا اور عہدیداروں سے کہا کہ وہ ضلع کلکٹرس کے ساتھ مشاورت کرتے ہوئے قانونی انتظامی اور دیگر مسائل کا حل تلاش کریں۔ ریاستی وزیر نے عہدیداروں سے کہا کہ پراجکٹس کی تکمیل کے سلسلہ میں حکومت مزید کسی تاخیر کی متحمل نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے مختلف اضلاع میں زیر تکمیل پراجکٹس کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ آبپاشی محض ایک انتظامی ضرورت نہیں بلکہ تلنگانہ کی زرعی معیشت کے استحکام کے لئے لازمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طویل مدتی فوڈ سیکوریٹی میں آبپاشی کا اہم رول رہے گا۔ پراجکٹس کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرتے ہوئے مذکورہ نشانوں کی تکمیل کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام طور پر اراضیات کے حصول میں غیر معمولی تاخیر کی شکایات ملی ہیں جس کے نتیجہ میں پراجکٹس التواء کا شکار ہیں۔ اس مسئلہ کی یکسوئی کے لئے متاثرہ اراضی مالکین سے مشاورت کی ضرورت ہے تاکہ معاوضہ اوربازآبادکاری کے ذریعہ تنازعات کا حل تلاش کیا جائے۔ ریاستی وزیر نے اراضی تنازعات کی یکسوئی کو شفافیت کے ساتھ مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ مزید تاخیر کی صورت میں عوامی احتجاج اور قانونی دشواریوں کا اندیشہ ہے۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ کنٹراکٹرس اور دیگر ایجنسیوں سے مسلسل ربط میں رہیں اور انتظامی سطح پر کوتاہی کی کوئی گنجائش نہ رہے۔ انہوں نے پالمور، رنگاریڈی اور سیتارام ساگر پراجکٹس کی تکمیل پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دی تاکہ خشک سالی سے متاثرہ علاقوںکو راحت ملے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ مانسون کے نتیجہ میں ذخائر آب کی سطح میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے لہذا عہدیداروں کو سطح آب کی برقراری کے سلسلہ میں چوکس رہنا چاہئے اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں پانی کے موثر اخراج کو یقینی بنایا جائے۔ ریاستی وزیر نے تبایا کہ انڈین آرمی کے سابق انجینئر انچیف جنرل ہرپال سنگھ کو محکمہ آبپاشی کے مشیر کے طور پر شامل کیا جارہا ہے جبکہ ٹنل انجینئرنگ کے ماہر کرنل پریکشت مہرا کی خدمات بھی خصوصی طور پر حاصل کی جارہی ہیں۔ 1
انڈین آرمی کے یہ دونوں عہدیدار پراجکٹس کے علاوہ سرنگوں کی تعمیر اور تحفظ میں اپنے دیرینہ اور ماہرانہ تجربات سے روشناس کرائیں گے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس حکومت آبپاشی پراجکٹس کی مقررہ مدت میں تکمیل کے عہد کی پابند ہے۔ 1