ریاستی وزیر سرینواس ریڈی کا الزام، 15 اگست کو چیف منسٹر سیتارام پراجکٹ کا افتتاح کریں گے
حیدرآباد 9 اگست (سیاست نیوز) وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے الزام عائد کیاکہ تلنگانہ ریاست کے قیام کے بعد کے سی آر حکومت نے پراجکٹس کی تعمیر کے نام پر بھاری بے قاعدگیاں کی ہیں اور کئی ہزار کروڑ کا کرپشن ہوا ہے۔ کھمم ضلع کے دورہ کے موقع پر وزیر مال نے آبپاشی پراجکٹس کی تکمیل کا عہدیداروں کے ساتھ جائزہ لیا۔ اُنھوں نے سیتارام پراجکٹ کے تعمیری کاموں کے سلسلہ میں اریگیشن کارپوریشن کے صدرنشین ایم وجئے بابو کے ہمراہ عہدیداروں کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ری ڈیزائننگ کے نام پر کے سی آر حکومت نے سیتارام پراجکٹ کیلئے 18 ہزار کروڑ کے کام منظور کئے جس میں 8 ہزار کروڑ کی دھاندلیاں ہوئی ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ کالیشورم پراجکٹ کے نام پر عوامی رقومات کی بھاری لوٹ ہوئی ہے۔ ریونت ریڈی کی قیادت میں حکومت آبپاشی پراجکٹس میں دھاندلیوں کی جانچ کررہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ برقی خریدی معاہدات اور کالیشورم کے تحت بیاریجس کی تعمیر میں دھاندلیوں کے مسئلہ پر دو علیحدہ تحقیقاتی کمیشن قائم کئے گئے۔ اُنھوں نے بتایا کہ چیف منسٹر 15 اگست کو سیتارام پراجکٹ کا افتتاح انجام دیں گے۔ پراجکٹس سے ایک لاکھ 75 ہزار ایکر اراضی کو سیراب کیا جاسکے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ 50 ہزار روپئے سے 2 لاکھ روپئے تک قرض کی معافی اسکیم کے تحت تمام مستحق کسانوں کا احاطہ کیا جائے گا۔ سرینواس ریڈی نے قرض معافی کے سلسلہ میں بی آر ایس کے الزامات کو مسترد کردیا اور کہاکہ 10 سال تک کسانوں کی قرض معافی کا بی آر ایس حکومت کو خیال نہیں آیا لیکن اچانک کسانوں سے جھوٹی ہمدردی کرتے ہوئے اسکیم میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ 1