پراجکٹس کے مسئلہ پر کے ٹی آر کو کھلے مباحث کیلئے پونم پربھاکر کا چیلنج

   

کانگریس قائدین کے دورہ کو تفریح قرار دینے پر تنقید، تمام پراجکٹس کانگریس کے تعمیر کردہ

حیدرآباد ۔ 28 ۔ اگست (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ پونم پربھاکر نے کے ٹی راما راؤ کو ریاست میں آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر پر کھلے مباحث کا چیلنج کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اور ٹی آر ایس دور حکومت میں تعمیر کردہ پراجکٹس پر مباحث کئے جائیں گے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پونم پربھاکر نے کہا کہ تمیڈی ہٹی پراجکٹ کے دورہ کو کے ٹی آر اور دیگر قائدین تفریح قرار دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے حیدرآباد میں تفریحی مقامات کو اس قدر ترقی دی ہے کہ کسی اور مقام پر تفریح کے لئے جانے کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس نے کالیشورم کے ساتھ تمیڈی ہٹی پراجکٹ کی تعمیر کا وعدہ کیا تھا لیکن آج تک ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کیا گیا۔ تلنگانہ میں موجودہ تمام پراجکٹس کانگریس دورہ حکومت کے تعمیر شدہ ہیں۔ کے سی آر حکومت ایک بھی پراجکٹ کی تکمیل کا دعویٰ نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی تجاویز کو تنقید کے طور پر تصور کرنے کے بجائے ٹی آر ایس حکومت کو تعمیری کاموں پر توجہ دینی چاہئے ۔ پونم پربھاکر نے بی جے پی اور ٹی آر ایس کے درمیان فرضی لڑائی کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور ٹی آر ایس بظاہر ایک دوسرے پر تنقید کر رہے ہیں جبکہ دونوں میں اندرونی طور پر خفیہ سمجھوتہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بی جے پی اپنے الزامات میں واقعی سنجیدہ ہے تو اسے ٹی آر ایس حکومت کی بے قاعدگیوں کے خلاف تحقیقات کا اعلان کرنا چاہئے ۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ کے ٹی راما راؤ اقتدار کے نشہ میں غرور اور تکبر کی زبان استعمال کر رہے ہیں۔ پربھاکر نے ریمارک کیا اکہ بنجارہ ہلز میں رہنے والے پارٹی قائدین کو کسانوں کے مسائل کس طرح معلوم ہوں گے۔ انہوں نے آبپاشی پراجکٹس میں بے قاعدگیوں اور کمیشن کے حصول کی سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ تمیڈی ہٹی پراجکٹ کا سنگ بنیاد رکھنے والے ونود کمار اور ہریش راؤ کیوں پراجکٹ کا دورہ کرنے سے کترا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پراجکٹ کے بارے میں مہاراشٹرا حکومت سے معاہدہ کیا گیا تھا لیکن آج تک تعمیری کام کا آغاز نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ جس وقت کانگریس حکومت پراجکٹس تعمیر کر رہی تھی ، اس وقت کے ٹی آر امریکہ میں تھے۔ اگر انہیں پراجکٹ کی تاریخ جاننی ہے تو اندازہ ہوگا کہ موجودہ پراجکٹس کانگریس کے تعمیر کردہ ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کمیشن کے حصول کے لئے کے سی آر نے پراجکٹس کا منصوبہ بنایا ہے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ کے ٹی آر نے حیدرآباد کے عوام سے جو وعدے کئے تھے ، ان میں کتنے مکمل کئے گئے ۔ انہوں نے سابق رکن پارلیمنٹ ونود کمار سے سوال کیا کہ رکن پارلیمنٹ کی حیثیت سے انہوں نے کسانوں کی کیا خدمت کی ہے ، تفصیلات جاری کریں۔