ناگم جناردھن ریڈی کا الزام، رائلسیما کو تلنگانہ کا پانی منتقل کرنے کی مخالفت
حیدرآباد ۔ 15 ۔ جنوری (سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر ناگم جناردھن ریڈی نے الزام عائد کیا کہ آبپاشی پراجکٹس کے نام پر کنٹراکٹرس سے کمیشن حاصل کرنے کیلئے کے سی آر نے جگن سے سمجھوتہ کیا ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جناردھن ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ ریاست جدوجہد اور قربانیوں کے ذریعہ حاصل کی گئی۔ پانی ، روزگار اور وسائل میں ناانصافیوں کے خلاف جدوجہد کی گئی تھی۔ تلنگانہ ریاست کے قیام کے بعد کے سی آر ریاست کے مفادات سے زیادہ شخصی مفادات کو ترجیح دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آبپاشی کے بارے میں کے سی آر کو کوئی معلومات نہیں ، وہ صرف اور صرف کمیشن حاصل کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دریائے کرشنا سے گوداوری کو مربوط کرتے ہوئے پراجکٹس کی تعمیر کے سلسلہ میں دونوں چیف منسٹرس نے اتفاق کیا ہے ۔ رائلسیما کو پانی سربراہ کرنے کیلئے پراجکٹس کی تعمیر عمل میں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ رائلسیما کو پانی سربراہ کرنے کیلئے تلنگانہ سے ناانصافی کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کو تلنگانہ عوام کے مفادات کی تکمیل سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ وہ محض کمیشن کیلئے جگن موہن ریڈی کے ساتھ معاہدے کر رہے ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ تلنگانہ تحریک کے دوران آندھرائی علاقوں کو تلنگانہ کا پانی سربراہ کرنے کے خلاف جدوجہد کی گئی تھی لیکن آج کے سی آر جدوجہد کی اصل روح کو فراموش کرتے ہوئے تلنگانہ عوام کے ساتھ دھوکہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دریاؤں کو مربوط کرنے کا مقصد آندھراپردیش کے مفادات کی تکمیل ہے ۔