امریکہ و اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کیلئے ایران کی شرط
تہران، 04 اپریل (اسپوتنک) امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کی شرائط میں سے ایک کے طور پر ایران اپنے پرامن جوہری پروگرام کے حق کو تسلیم کرنے کا مطالبہ کر رہا ہے ۔ روس میں ایران کے ایک سفارتی ذریعے نے ہفتہ کو یہ معلومات فراہم کیں۔ ذرائع نے کہا کہ جنگ ختم کرنے کی شرائط میں ہمارے خطے میں مستقل امن شامل ہے ، نہ کہ صرف جنگ بندی۔ ہمیں پہلے ہی اس کا تلخ تجربہ ہو چکا ہے ۔ مستقل امن برقرار رکھنے کیلئے ایک مخصوص طریقہ کار میں حملہ آوروں کی مذمت، ہرجانہ، مادی نقصان کی تلافی، تمام پابندیاں ختم کرنا اور پرامن جوہری توانائی کیلئے ایران کے حقوق کا احترام کرنا شامل ہے ۔امریکہ اور اسرائیل نے 28 فروری کو ایران میں کئی ٹھکانوں پر حملے کیے تھے ، جس سے نقصان ہوا اور عام شہریوں کی جانیں بھی گئیں۔
آبنائے ہرمز میں خلل ‘ امریکہ و اسرائیل ذمہ دار : چین
بیجنگ، 4 اپریل (یواین آئی) چین نے آبنائے ہرمز میں خلل کی بنیادی وجہ ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کو قرار دے دیا ہے ۔ چینی وزارت خارجہ کی ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ آبنائے ہرمز میں کشیدگی اور شپنگ میں رکاوٹ کی اصل وجہ ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے غیر قانونی حملے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جنگ کے خاتمے سے عالمی شپنگ لین دوبارہ کھل سکتی ہیں اور محفوظ بنائی جا سکتی ہیں۔ترجمان نے زور دیا کہ عالمی معیشت کو مزید نقصان سے بچانے بین الاقوامی برادری کو مشترکہ اقدامات کرنے ہوں گے ۔چینی حکام کے مطابق خطے میں جاری کشیدگی نہ صرف توانائی کی ترسیل کو متاثر کر رہی ہے بلکہ عالمی تجارت اور معیشت پر بھی منفی اثرات مرتب کر رہی ہے ۔
ایران کا امریکی پائلٹ کی تلاش پر انعام کا اعلان
تہران، 4 اپریل (یواین آئی) ایران نے گرے امریکی جنگی طیارے کے پائلٹ کی تلاش پر انعام کا اعلان کر دیا ہے ۔ میڈیا نے بتایا کہ ایران نے امریکی پائلٹ کو تلاش کرنے یا زندہ پکڑنے والے شخص کیلئے 66 ہزار 100 ڈالر انعام مقرر کیا ہے ۔ایرانی حکام کے مطابق یہ انعام اس شہری کو دیا جائے گا جو لاپتہ پائلٹ کے بارے میں قابلِ عمل معلومات فراہم کرے یا اسے گرفتار کرنے میں مدد کرے ۔