نارائن پیٹ میں یوم شہیدان، ضلع کلکٹر اور دیگر کا خطاب
نارائن پیٹ ۔ 21 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) پرامن معاشرہ کا قیام پولیس کا اولین مقصد ہے۔ مظبوط امن و قانون سے ہی ترقی ممکن، ان خیالات کا اظہار ضلع کلکٹر نارائن پیٹ کویاسری ہرشا، آئی اے ایس نے آج یوم شہیدان پولیس کے موقع پر پولیس پریڈ گراؤنڈ میں منعقدہ ایک تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کرتے ہوئے اپنی تقریر میں کیا۔ ضلع کلکٹر مسٹر کویا سری ہرشا اور ضلع ایس پی این وینکٹیشورلو، ایڈیشنل کلکٹر چندرا ریڈی نے پولیس پریڈ گراؤنڈ میں پولیس افسران اور شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر ضلع ایس پی این وینکٹیشورلو نے بھی اپنے خطاب میں کہا کہ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہیدوں کی قربانیوں کو یاد رکھا جائے گا۔ ان کی دی ہوئی قربانیاں لافانی ہیں۔ ہمیں عزائم کے حصول کی طرح آگے بڑھتے رہنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس شہدا کی قربانی آنے والی نسلوں کے لئے مشعل راہ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کا نظام عوامی ضروریات اور تحفظ کے لئے بنایا گیا نظام ہے۔ ضلع کلکٹر نے کہا کہ 21 اکتوبر سے 31 اکتوبر تک پولیس کی جانب سے قومی اتحاد کے لئے عوام تک پہنچنے کے لئے خصوصی پروگرام چلائے جارہے ہیں جو کہ قابل ستائش ہے۔ اس موقع پر ایس پی نے کہا کہ 21 اکتوبر 1959 کو سی آر پی ایف ایس آئی کرم سنگھ کی قیادت میں 20 ہندوستانی فوجی لداخ کے علاقہ میں ہاٹ ٹرنگ پر ڈیوٹی سر انجام دے رہے تھے، جب چینی فوج نے ان پر حملہ کرکے ان میں سے 10 کو ہلاک کردیا۔ اس کے بعد سے حکومت ہر سال 21 اکتوبر کو پولیس شہیدان کی یاد مناتی ہے۔ اس موقع پر ڈی ایس پی ستیہ نارائنا، سی آئی مسٹر سریکانت ریڈی و دیگر پولیس عہدیدار موجود تھے۔