چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کے خلاف تحقیقات کا آغاز ، عنقریب جیل منتقلی ، چارمینار مندر میں پوجا کے بعد بیان
حیدرآباد۔ تلنگانہ بھارتیہ جنتا پارٹی صدر بنڈی سنجے کمارنے آج رکن اسمبلی گوشہ محل راجہ سنگھ اور نومنتخبہ 48 بی جے پی کارپوریٹرس کے ساتھ چارمینار کے دامن میں موجود بھاگیہ لکشمی مندر میں پوجا کی اور عہد کیا کہ تمام نو منتخبہ کارپوریٹرس بغیر کسی بد عنوانی ‘ بے قاعدگی ‘ رشوت کے عوامی خدمات انجام دیں گے اور بی جے پی کے نظریات پر سختی سے کاربند رہیں گے۔ بنڈی سنجے کے دورۂ چارمینار اور جمعہ کے پیش نظر چارمینار کے اطراف و اکناف کے علاقوں میں سخت صیانتی انتظامات کئے گئے تھے اور پولیس نے چوکسی اختیار کر رکھی تھی۔ مندر میں پوجا کے بعد ریاستی صدر بی جے پی نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے زہر افشانی کرتے ہوئے کہا کہ پرانا شہر غیر سماجی عناصر کا مرکز بن چکا ہے اور بی جے پی ان سرگرمیوں کو قطعی برداشت نہیں کرے گی۔ بی جے پی ریاستی صدر نے تلنگانہ راشٹر سمیتی پر الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس دولت کے ذریعہ بی جے پی کے نومنتخبہ کارپوریٹرس کو خریدنے کی کوشش کر رہی ہے جس میں ٹی آر ایس کامیاب نہیں ہوسکے گی ۔ انہو ںنے کہا کہ ریاستی حکومت یہ نہیں جانتی کہ بی جے پی سے منتخب ہونے والے تمام کارپوریٹرس پارٹی کے نظریات سے اتفاق کرتے ہیں۔انہوں نے حکومت کو عوام کے فیصلہ کو تبدیل کرنے کی کوششوں کے خلاف سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر ٹی آر ایس ایسی ایک کوشش کرے گی تو بی جے پی سو قدم آگے بڑھ کر کامیابی حاصل کرے گی۔انہو ںنے حکومت سے استفسار کیا کہ جب مئیر کا انتخاب نہیں کروانا تھا تو انتخابات کیوں کروائے گئے! اگر دو ماہ کا وقت ہے تو پھر عجلت میں انتخابات کی کیا ضرورت پڑگئی تھی! بنڈی سنجئے نے کہا ٹی آر ایس پچھلے دروازہ سے مئیر کا عہدہ حاصل کرنے کی کوشش میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی جلد ہی ٹی آر ایس اور مجلس مکت گریٹر حیدرآباد کو یقینی بنائے گی۔ ریاستی صدر بی جے پی نے ایک مرتبہ پھر سے کہا کہ جلد ہی چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ جیل جانے والے ہیں کیونکہ ان کی بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں کی تحقیقات شروع ہوچکی ہیں ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کسی بھی مذہب کے ماننے والوں کے خلاف نہیں ہے اور بی جے پی تمام مذاہب کے ماننے والوں کے علاوہ شہر حیدرآباد کی مجموعی ترقی پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے خدمات انجام دے گی۔
